بیجنگ:
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعدشہرکے مرکزی علاقے میں واقع شاپنگ مال اورمتعدد رہائشی علاقوں کوسیل کردیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین میں کے دارالحکومت بیجنگ میں کورونا کے نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ایک کورونا مریض نے بدھ کی شام بیجنگ کے ڈونگ چینگ ڈسٹرکٹ میں واقع شاپنگ مال کا دورہ کیا تھا جس کے بعد مال کوسیل کردیا گیا۔مال کے داخلی اورخارجی دروازوں کوبند کرکے اسٹاف اورکسٹمرزکوکورونا ٹیسٹ کے بغیرجانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ مال آج بھی بند رہے گا۔
بیجنگ کے چاررہائشی علاقوں، پرائمری اسکول اورایک آفس کمپاؤنڈ میں جمعرات کو لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا اورہزاروں رہائشیوں کوگھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ان علاقوں میں بڑے پیمانے پرٹیسٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ چاؤیانگ اورہائیڈیان ڈسٹرکٹ میں کورونا کے چھ نئے کیسزکی تصدیق ہوئی ہے۔کورونا سے متاثرچارافراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جبکہ دوافراد بزنس ٹرپ پربیجنگ آئے تھے۔
چین میں کورونا کی تازہ لہر کے بعد مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے اوراندرون ملک سفری پابندیاں سخت کردی گئی ہیں۔متعدد پروازیں اورٹرین سروس معطل کردی گئی ہیں۔رواں سال کے اختتام تک چین میں اسی فیصد ویکسینیشن مکمل کرلی جائے گی۔