روشنی کی مدد سے گھٹنے کا درد دورکرنے والی لیزرپٹی

روشنی کی مدد سے گھٹنے کا درد دورکرنے والی لیزرپٹی


فلاڈیلفیا: 

پاکستان سمیت دنیا بھر میں لاکھوں کروڑوں افراد ایسے ہیں جو گٹھیا کی وجہ سے گھٹنوں کے شدید میں مبتلا ہیں اور معمولاتِ زندگی انجام دینے سے قاصر ہیں۔ اب ایک چھوٹا آلہ خاص لیزر روشنی ڈال کر نہ صرف درد کو دور کرتا ہے بلکہ نسیجوں کی افزائش اور بدن کی قدرتی مرمت کو بھی بڑھاتا ہے۔نی پلس کے دونوں اطراف لیزر روشنی خارج کرنے والے دو آلات لگے ہیں جو مخصوص روشنی گھٹنوں کی گہرائی میں بھیجتے ہیں۔ یہ عمل لائٹ تھراپی کہلاتا ہے جس کا تکنیکی نام ’فوٹوماڈیولیشن‘ بھی ہے۔ سائنسی تحقیق کے مطابق کئی امراض میں لائٹ تھراپی بہت مفید ثابت ہوسکتی ہے۔

اس میں اگلی نسل کی لیزر نصب ہے جو خون کی باریک نالیوں کی افزائش میں مدد دیتی ہے، اندرونی سوزش کم کرتی ہے اور جسم کو اس قابل بناتی ہے کہ وہ ازخود اپنی مرمت کرکے خامی کو دور کرسکے۔

اپنے مخصوص ڈیزائن اور مقناطیسی پینل کی وجہ سے پٹی گھٹنوں کے گرد اچھی طرح لپٹ جاتی ہے اور درست مقام پر روشنی پھینکتی ہے۔ اس سے اطراف میں خون کا بہاؤ تیز ہوتا ہے، سوزش کم ہوتی ہے اورجلن پیدا کرنے والے سائٹوکائنز کی پیداوار کم ہوجاتی ہے۔

اسی طرح کھلاڑیوں کو لگنے والی چوٹ یا پٹھوں میں دیرینہ اکڑن کی وجہ سے بھی سوزش اور سوجن کو کم کیا جاسکتا ہے۔ اس میں نصب بیٹری کو باربار چارج کیا جاسکتا ہے۔ اور نی پلس کی مدد سے فزیو تھراپی کا خرچ بھی کم ہوجاتا ہے۔

جب اس ایجاد کو کراؤڈفنڈنگ ویب سائٹ پر رکھا گیا تو صرف 24 گھنٹے میں مطلوبہ رقم کی فنڈنگ ہوئی جو اب بڑھ کر چھ گنا ہوچکی ہے۔ نی پلس کی تعارفی قیمت 249 ڈالر رکھی گئی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں