فلم ’اسٹار ٹریک’ سے شہرت پانے والے کینیڈین اداکار ولیم شیٹنر 90 برس کی عمر میں خلا کا چکر لگانے والے دنیا کے معمر ترین شخص بن گئے۔
ولیم شیٹنر، ایمازون کے بانی جیف بیزوز کی کمپنی بلیو اوریجن کے راکٹ شپ میں خلا کا چکر لگا کر آئے۔
وہ ان 4 مسافروں میں شامل تھے جنہوں نے سفید رنگ کے مکمل طور پر خود کار 60 فٹ طویل نئے شیپرڈ خلائی جہاز میں خلا کا سفر کیا جس کا دورانیہ 10 منٹ اور 17 سیکنڈز پر محیط تھا جو ٹیکساس کے ٹاؤن وان ہارن سے 20 میل (32 کلومیٹر) کے فاصلے پر بلیو اوریجن کی لانچ سائٹ سے روانہ ہوا تھا۔
خلائی شٹل کا عملہ سب اوربٹل پرواز سے کیپسول پیراشوٹ کے ذریعے ٹیکساس کے صحرا میں واپس آیا، ولیم شیٹنر احتیاط سے باہر نکلے اور دیگر افراد نے خلا کا چکر لگا کر آنے کی خوشی منائی۔
جیف بیزوز وہاں موجود تھے اور ولیم شیٹنر سے ملے، انہوں نے نیلے رنگ کا فلائٹ سوٹ اور کیپ پہنی ہوئی تھی اور ان کی شرٹ کی ایک آستین پر سفید حروف میں کمپنی کا نام درج تھا۔
ولیم شیٹر نے جیف بیزوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’جو کچھ آپ نے مجھے دیا ہے وہ بہت اچھا تجربہ ہے جس کا میں تصور کرسکتا ہوں’۔
انہوں نے کہا کہ ’جو کچھ ابھی وقوع پذیر ہوا میں اس حوالے سے جذباتی ہورہا ہوں’۔
چاروں خلا بازوں نے چند منٹ بے وزنی کا تجربہ کیا اور خلا کی عالمی تسلیم شدہ حد سے زیادہ 65.8 میل (106 کلومیٹر) کا سفر کیا۔
یہ جیف بیزوز کی کمپنی بلیو اوریجن کی خلائی سیاحت کی دوسری پرواز تھی، وہ جولائی میں پہلے خلائی سفر پر روانہ ہوئے تھے۔