چین بیرون ملک سرمایہ کاری کرنیوالا سب سے بڑا ملک بن گیا

چین بیرون ملک سرمایہ کاری کرنیوالا سب سے بڑا ملک بن گیا


اسلام آباد: 

چین بیرون ملک سرمایہ کاری کرنیوالا سب سے بڑا ملک بن گیا۔چین کی پہلی مرتبہ عالمی سطح پر بیرون ملک براہ راست سرمایہ کاری(او ایف ڈی آئی) پہلے نمبر پر پہنچ گئی اور چین کی او ایف ڈی آئی میں پاکستان بی آر آئی ممالک میں ٹاپ ٹین اور عالمی سطح پر ٹاپ ٹوئنٹی میں شامل ہے۔

گوادر پرو کے مطابق چین کی وزارت تجارت، قومی شماریات بیورو اور اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف فارن ایکسچینج نے سالانہ شماریاتی اعلامیہ جاری کیا جس میں بیرون ملک براہ راست سرمایہ کاری دوہزار بیس کی تفصیلات ظاہر کی گئی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق 2020 میں چین کی او ایف ڈی آئی نے ایک سو ترپن اعشاریہ سات ایک ارب ڈالر کے ساتھ امریکا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جس میں سالانہ بارہ اعشاریہ تین فیصد اضافہ ہوا ہے۔

چین کی او ایف ڈی آئی دوہزار بیس میں کل اٹھارہ صنعتی شعبے شامل ہیں۔ ریجن وائز اٹھاون فیصد کیساتھ سب سے بڑا حصہ ہانگ کانگ کو جاتا ہے۔  صرف گزشتہ سال میں بی آر آئی ممالک میں چین کی براہ راست سرمایہ کاری بائیس اعشاریہ پانچ چارارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے جس میں بیس اعشاریہ چھ فیصد اضا فہ ہوا ہے۔

چین مسلسل چھ سال سے پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ دسویں مشترکہ تعاون کمیٹی(جے سی سی)کے اجلاس میں معلوم ہوا ہے کہ سی پیک کے تحت گذشتہ آٹھ سال کے دوران پاکستان میں مجموعی طور پر پچیس اعشاریہ چار ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی گئی، جس سے مقامی لوگوں کے لیے75 ہزار سے زائد ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں