محمد نواز کے مثبت کورونا ٹیسٹ نے بحث چھیڑ دی

محمد نواز کے مثبت کورونا ٹیسٹ نے بحث چھیڑ دی


 لاہور: 

محمد نواز کے مثبت کورونا ٹیسٹ نے بحث چھیڑ دی جب کہ گھر میں کلیئر آل راؤنڈر کے وائرس کی جکڑ میں آنے کی وجوہات تلاش کی جانے لگیں۔محمد نواز سمیت نیوزی لینڈ سے ون ڈے سیریز کیلیے منتخب تمام کرکٹرز اور معاون اسٹاف نے پہلے کورونا ٹیسٹ اپنے گھروں میں کرائے،ان کی رپورٹس منفی آئیں، معمول کے مطابق پہلی ٹیسٹنگ کے بعد کھلاڑیوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت دی جاتی ہے تاکہ وہ ٹیم ہوٹل پہنچنے تک وائرس سے محفوظ رہیں۔

نامزد چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کورونا فری کرکٹرز کو ملاقات کیلیے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور بلایا، فہیم اشرف، حسن علی، محمد حسنین، محمد وسیم جونیئر، سعود شکیل، افتخار احمد، شاہنواز دھانی، زاہد محمود، محمد حارث اور معاون اسٹاف بدھ کو لاہور سے بذریعہ بس اسلام آباد پہنچا۔

کپتان بابر اعظم، امام الحق، شاداب خان اور محمد رضوان سمیت دیگر اپنے طور پر پہلے ہی پہنچ گئے تھے،راولپنڈی میں مقیم محمد نواز بھی ٹیم بس کے بجائے براہ راست ہوٹل آئے،اس دوران ہی انھیں وائرس نے جکڑ لیا،اسلام آباد میں لیا گیا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے وہ10روزہ قرنطینہ پر مجبور ہوگئے ہیں۔

یاد رہے کہ پہلی ٹیسٹنگ کلیئر ہونے کے بعد نامزد چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے جب کرکٹرز کو بلایا تب بھی اس کو خطرناک عمل قرار دیا گیا تھا۔

محمد نواز کا ٹیسٹ مثبت آنے پر اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے۔ ماضی میں ایک غیر ملکی ٹور سے قبل کپتان بابر اعظم پہلا ٹیسٹ کلیئر ہونے کے بعد پنجاب اسپورٹس بورڈ پہنچے تھے جس پر ان کو خاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں