مائیکرو سافٹ کا ونڈوز 11 آپریٹنگ سسٹم کی دستیابی کی تاریخ کا اعلان

مائیکرو سافٹ کا ونڈوز 11 آپریٹنگ سسٹم کی دستیابی کی تاریخ کا اعلان


مائیکرو سافٹ نے جون 2021 میں 6 سال کے وقفے کے بعد پہلا نیا ونڈوز آپریٹنگ سسٹم متعارف کرایا تھا۔

اب کمپنی کی جانب سے اس کی دستیابی کی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے جو توقع سے چند ہفتے پہلے پیش کی جارہی ہے۔

کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ صارفین کے لیے نئے آپریٹنگ سسٹم 5 کی دستیابی کا سلسلہ 5 اکتوبر سے شروع ہوجائے گا۔

کمپنی نے بتایا کہ 5 اکتوبر سے نیا آپریٹنگ سسٹم ان صارفین کو دستیاب ہوگا جن کی ڈیوائسز ونڈوز 11 کے لیے درکار ضروریات سے مطابقت رکھتی ہوں گی۔

مگر اس تاریخ سے وہ اولین ڈیوائسز بھی مارکیٹ میں دستیاب ہونا شروع ہوجائیں گی جن میں ونڈوز 11 پری لوڈڈ ہوگی۔

مائیکرو سافٹ کی جانب سے صارفین کے لیے نیا آپریٹنگ سسٹم کو بتدریج پیش کیا جائے گا اور زیادہ تر افراد کو وہ 2022 کے وسط سے قبل دستیاب نہیں ہوسکے گی۔

کمپنی کے مطابق ‘ونڈوز 11 کی مفت اپ گریڈ کا سلسلہ 5 اکتوبر سے شروع ہوگا اور یہ کئی مراحل پر مشتمل ہوگا جس میں معیار پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ ونڈوز 10 کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم ہر ممکن بہترین تجربہ فراہم کرنا چاہتے ہیں’۔

کمپنی نے مزید بتایا ‘اس کا مطلب یہ ہے کہ نئی اہل ڈیوائسز کو پہلے اپ گریڈ کی پیشکش کی جائے گی، یہ اپ گریڈ وقت کے ساتھ دیگر ڈیوائسز کو دستیاب ہوگی جس میں مختلف عناصر جیسے ہارڈ ویئر ضروریات، ڈیوائس کی عمر اور دیگر کو مدنظر رکھا جائے گا، ہمیں توقع ہے کہ تمام اہل ڈیوائسز کے لیے ونڈوز 11 کی مفت اپ گریڈ 2022 کے وسط تک دستیاب ہوگی’۔

مائیکرو سافٹ نے اعلان کے ساتھ بتایا کہ 5 اکتوبر سے ایسر، اوسوز، ایلین ویئر، ڈیل ایچ پی، لینوو، سام سنگ اور کمپنی کے اپنے سرفیس لیپ ٹاپس ونڈوز 11 کے ساتھ دستیاب ہوں گے۔

خیال رہے کہ ونڈوز 11 کی ایک سب سے بڑی سے بڑی تبدیلی نیا ایپ اسٹور ہے جس کو ری ڈیزائن کرتے ہوئے متعدد ایپس کی سپورٹ فراہم کی جائے گی، جو اس وقت ونڈوز ایپ اسٹور میں دستیاب نہیں۔

ان میں اڈوب کریٹیو سیوٹ، اینڈرائیڈ ایپس بشمول ٹک ٹاک اور انسٹاگرام قابل ذکر ہیں۔

مائیکرو سافٹ ٹیمز کو بھی براہ راست ونڈوز 11 کا حصہ بنادیا گیا ہے جو ٹاسک بار میں ہوگا، جس سے صارفین اپنے دوستوں، گھروالوں یا دفتری ساتھیوں کو کال کرسکیں گے۔

یہ واضح ہے کہ اب مائیکرو سافٹ کی جانب سے اسکائپ کی بجائے ٹیمز کو زیادہ اہمیت دی جارہی ہے۔

ونڈوز ویجیٹس اور ٹچ فیچرز بھی اس نئے آپریٹنگ سسٹم کا بڑا حصہ ہیں، ویجیٹس ایسی پرسنلائزڈ فیڈ ہے جو اے آئی پاور سے لیس ہے۔

نئے اسٹارٹ مینیو میں لائیو ٹائلز کو نکال دیا گیا ہے جسے سب سے پہلے ونڈوز 8 میں متعارف کرایا گیا تھا، اس کی جگہ زیادہ روایتی لانچر کو ترجیح دی گئی ہے جو کروم او ایس یا اینڈرائیڈ میں موجود ہے۔

اس کے علاوہ ایپس، ریسنٹ ڈاکومینٹس اور ایک الگ سرچ انٹرفیس آپریٹنگ سسٹم کا حصہ بنائے گئے ہیں جبکہ اس میں راؤنڈڈ کارنرز بھی موجود ہیں جو آئی او ایس اور اینڈرائیڈ میں دیکھے جاسکتے ہیں۔

ونڈوز 11 میں اپ ڈیٹڈ ڈارک اور لائٹ موڈز موجود ہیں جو موجودہ ونڈوز کے مقابلے میں بہت زیادہ بہتر ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں