‘نیا پاکستان کے 3 سال’، وزیر اعظم آج تحریک انصاف کی 3 سالہ کارکردگی پر قوم کو بریفنگ دیں گے

‘نیا پاکستان کے 3 سال’، وزیر اعظم آج تحریک انصاف کی 3 سالہ کارکردگی پر قوم کو بریفنگ دیں گے


وزیراعظم عمران خان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے تین سال مکمل ہونے پر اپنی پارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں آج قوم کو بریفنگ دیں گے۔

تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت پہلی حکومت ہے جو عوام کے سامنے اپنی کارکردگی رپورٹ باقاعدگی سے پیش کرتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم تقریب سے 3 بجے خطاب کریں گے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم ایک پرفارمنس رپورٹ کا اجرا کریں گے جو کہ ہر وزارت کی کارکردگی کا جائزہ لے گی۔

رپورٹ 21-2018 کو وزارت اطلاعات و نشریات نے مرتب کیا ہے اور ‘کورونا وائرس وبائی امراض کے تناظر میں عالمی معاشی بحران کے باوجود حکومت نے جو کارنامے کیے ہیں ان پر توجہ مرکوز کرتی ہے’۔

مزید کہا گیا کہ یہ رپورٹ 251 صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں ‘عوامی اداروں، بشمول وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کی کامیابیوں کو انفوگرافکس اور متعلقہ حقائق اور اعداد و شمار کے ذریعے بیان کیا گیا ہے’۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق یہ رپورٹ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشن کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہوگی۔

رپورٹ کے اجرا کا حوالہ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ‘یہ عمران خان کی حکومت ہے جو تین سال کی کارکردگی عوام کے سامنے فخر سے رکھ سکتی ہے’۔

اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘ ‏پاکستان میں کتنی حکومتیں اپنی کارکردگی پر عوام کو جوابدہی کرتی رہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘3 سال میں معیشت، خارجہ پالیسی اور اندرونی استحکام کے حقائق کے ساتھ سامنے لائیں گے’۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا اظہر مشوانی نے کہا کہ انصاف یوتھ ونگ کے کارکن وزیراعظم کے خطاب کو سات شہروں بشمول گلگت، کراچی، ملتان، لاہور، کوئٹہ، پشاو، حیدرآباد میں براہ راست نشر کریں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں