اوپو نے جون 2019 میں ایک کانسیپٹ اسمارٹ فون میں انڈر ڈسپلے کیمرا ٹیکنالوجی کو پیش کیا تھا اور اب اس کا سیکنڈ جنریشن ورژن متعارف کرایا گیا ہے۔
اوپو نے دعویٰ کیا ہے کہ اسکرین کے اندر چھپے اس کیمرے سے اسکرین کے معیار کو متاثر کیے بغیر تصاویر کو کھینچنا ممکن ہے۔
اس سے قبل جو کانسیپٹ کیمرا کمپنی نے متعارف کرایا تھا وہ جس جگہ نصب تھا وہاں اسکرین کے پکسلز کی کثافت کو کم رکھا گیا تھا تاکہ کیمرے تک زیادہ روشنی پہنچ سکے۔
مگر اس بار کمپنی نے اس مسئلے کی روک تھام کے لیے چھوٹے پکسلز کو استعمال کیا ہے۔
اوپو کے مطابق اس کے نتیجے میں صارفین کیمرے والے حصے اور اسکرین کے باقی حصے میں کوئی خاص فرق محسوس نہیں کرسکیں گے۔
کمپنی نے اس کے اظہار کے لیے ایک پروٹو ٹائپ فون کی تصویر بھی شیئر کی جس پر ایک ای ریڈر ایپ کو اوپن کیا گیا ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیمرے والے حصے میں ٹیکسٹ بالکل واضح ہے۔
اس سیکنڈ جنریشن انڈر ڈسپلے کیمرے سے لی گئی تصویر کو بھی کمپنی کی جانب سے جاری کیا گیا۔
تاہم اوپو کی جانب سے اس ٹیکنالوجی سے لیس فونز کو کب تک متعارف کرایا جائے گا، اس بارے میں کمپنی نے کچھ نہیں بتایا۔
اس وقت زی ٹی ای دنیا کی واحد کمپنی ہے جو انڈر ڈسپلے سیلفی کیمرے والے فونز ایکسون 20 اور ایکسون 30 عام صارفین کو فروخت کررہی ہے۔
شیاؤمی کی جانب سے ایسا پہلا فون 10 اگست کو می مکس 4 کی شکل میں متعارف کرایا جائے گا جبکہ سام سنگ کا گلیکسی زی فولڈ 3 کا سیلفی کیمرا بھی اسکرین کے اندر چھپا ہوگا اور اسے 11 اگست کو متعارف کرایا جارہا ہے۔