بڑھاپے میں اکیلا پن جلد موت کی وجہ بن سکتا ہے


سنگاپور: 

ایک مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ مستقل تنہائی کے شکار افراد طرح طرح کے عارضوں کے شکار ہوجاتے ہیں اور ان کی اوسط عمر گھٹنے سے وہ جلد موت کے شکارہوجاتےہیں۔نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور کےمرکز برائے عمررسیدگی اور تعلیم سے وابستہ نائب پروفیسرراہول ملہوترا نے کہا کہ تنہا رہنے والے بزرگ افراد دیگر کے مقابلے میں چند سال کم جیتے ہیں اور ان کی اکیلاپن کا حملہ انہیں کئی امراض کا شکار کردیتا ہے۔

یہ تحقیق کووڈ19 اور عالمی لاک ڈاؤن کے تناظر میں کی گئی ہے۔ 2019 سے اب تک دنیا معمول پر نہیں آسکی اور تحقیق میں شامل لوگوں پر طویل اکیلے پن کے اثرات جاننا اس وقت قدرے آسان تھا۔ اس مطالعے میں بوڑھے افراد سے رابطہ کیا گیا اور ان کی جسمانی و دماغی کیفیت ریکارڈ کی گئی۔

تحقیق کا نتیجہ کہتا ہے کہ 60 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد جو اکثر یا شدید تنہائی کے شکار ہیں وہ بھرے گھر کے بزرگوں کے مقابلے میں تین سے پانچ سال کم زندگی پاتے ہیں۔ اسی طرح 70 اور 80 سال کے تنہا افراد، بالترتیب تین سے چار یا دو سے تین برس کم زندگی پاتے ہیں۔

ڈیٹا سیٹ بتاتا ہے کہ تنہا افراد دیگر کے مقابلے میں بہت جلدی معمولات سے بھی محروم ہوجاتے ہیں۔ ان میں اٹھنا، بیٹھنا، کھانا بنانا اور غسل وغیرہ شامل ہیں۔ اس ضمن میں جاپان اور سنگاپور مثالی ممالک ہیں جہاں آبادی تیزی سے بوڑھی اور تنہا ہوتی جارہی ہے۔ پاک و ہند میں بزرگوں کو ساتھ رکھا جاتا ہے اور یہ معاشرے اجتماعیت کے معاشرے ہیں جبکہ سنگاپور اور جاپان انفرادی معاشرے ہیں جہاں جوان طبقہ تیزرفتار زندگی کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے بوڑھے افراد کی خبر نہیں لیتا۔

مطالعے میں 2000 بوڑھوں کو شامل کیا گیا جن میں سے 34 فیصد افراد تنہا رہ رہے تھے۔ لیکن زیادہ بزرگ یعنی 70 سے 80 سال کے افراد میں تنہائی کی شرح 40 فیصد تھی۔ تنہا رہنے والوں میں مردوں کی شرح زیادہ تھی۔ اس کے علاوہ، موٹاپے، جنس، تعلیم، حواس (سننے اور بولنے) میں تکلیف اور دیگر عوامل کو بھی دیکھا گیا ہے۔

یہ مسئلہ اتنا خوفناک ہے کہ جاپان اور سنگاپور میں بوڑھے افراد کی تنہائی کو دورکرنے کے لیے کئی منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ سنگاپور نے خصوصی پالیسیاں بنائی ہیں تو جاپان میں ’ بڑھاپے کے وزیر‘ بھی رکھے گئے ہیں۔

لیکن یہاں سماجی علیحدگی اور اکیلے پن کے درمیان فرق کرنا ضروری ہے۔ سماجی علیحدگی حقیقی اور جسمانی طور پر الگ رہنا ہے جبکہ اکیلا پن وہ نفسیاتی کیفیت ہے جس میں کوئی شخص بھری محفل میں بھی خود کو تنہا سمجھتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں