پشاور: خیبرپختونخواہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ شادی کی تقریبات میں شرکت اور بند مقامات میں کھانے کے لیے صرف ویکسین لگوانے والے افراد کو جانے کی اجازت ہوگی۔
مذکورہ فیصلہ حکام کے اجلاس میں کیا گیا جس میں صوبائی داخلی اور قبائلی محکموں کے نمائندے، ریسٹورانٹس اور شادی ہال ایسوسی ایشن کےنمائندے شریک ہوئے۔
اجلاس میں ایس او پیز کے نفاذ کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
وزیر اعلیٰ ہاوس سے جاری کردہ بیان کے مطابق اجلاس میں ریسٹورینٹ مالکان اور شادی ہال مالکان کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل کمانڈ اور آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مقرر کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کروایا جائے۔
ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے حکومت کو یقین دہانی کروائی کہ وہ اپنے عملے کی ویکسینیشن کروائیں گے اور شادی کی تقریبات اور انڈور ڈائن اِن کی اجازت صرف ان افراد کو ہوگی جو ویکسین لگوا چکے ہیں۔
شادی ہال اور ریسٹورنٹ مالکان نے حکام سے ایس او پیز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور عملے کو ویکسین لگوانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایسوسی ایشن نے بیان دیا کہ وہ اپنے اراکین کو ایس او پیز کے نفاذ کے حوالے سے آگاہی دیں گے اور حکومتی ہدایت پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کےخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور چوتھی لہر پر تشویش کا اظہار کیا گیا، خیبر پختونخوا کے چیف سیکریٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے ہدایت دی ہے کہ متعلقہ انتظامیہ عید الاضحیٰ کے موقع پر ایس او پیز کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔
جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ڈاکٹر کاظم نیاز نےصوبائی حکومت کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں ہدایت دی کہ کورونا وائرس کی چوتھی لہر سے بچاو کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا لازمی ہے۔
اجلاس میں محکمہ صحت کے ایڈمنسٹریٹو سیکریٹریز کے علاوہ مقامی حکومت، ٹرانسپورٹ اور محکمہ اطلاعات کے نمائندگان بھی شامل ہوئے۔
انہیں مطلع کیا گیا کہ پشاور میں کورونا کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں برطانیہ جنوبی افریقہ اور بھارتی قسم کے وائرس کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔
چیف سیکریٹری نے عید الاضحیٰ کے موقع پر کورونا وائرس کی چوتھی لہر کا خدشہ ظاہر کیا اور اس موقع پر کورونا وائرس کی ایس او پیز کے سختی سے نفاذ اور محکمہ صحت کی انتظامیہ کو کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے مہم چلانے کی خاص طور پر ہدایت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ہفتے کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عمل درآمد سے متعلق آگاہی کا ہفتہ منایا جائے گا۔
ڈاکٹر کاظم نیاز نے کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مارکیٹس، عوامی مقامات اور مساجد میں ایس او پیز کے نفاذ حوالے سے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے عوام کو یہ بھی تاکید کی ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر کورونا سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر عمل پیرا ہوں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر تیسری لہر کی طرح حکومت کو مشکل فیصلے کرنے ہوں گے اور ایک بار بھر بازار اور سیاحت پر پابندی عائد کرنی پڑے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ مقامی حکومت نے صوبے بھر میں 142 مویشی منڈیاں قائم کی ہیں، اور قربانی کے بعد آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے عوام میں تھیلے بھی تقسیم کیے ہیں۔
چیف سیکریٹری نے مقامی حکومت کو ہدایت کی کہ مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
عید الاضحیٰ کے موقع پر اندورن ملک سفر کرنے والے شہریوں کے حوالے سے انہوں نے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کو ہدایت دی ہے کہ گاڑیوں میں دی گئی گنجائش سے 70 فیصد سے زائد نہ بھرا جائے۔
چیف سیکریٹری نے خبر دار کیا کہ لاپرواہی کے باعث صوبے میں مشکل صورتحال پیدا ہوسکتی ہے یہ ضروری ہے کہ شہری ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں اور احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہوں ۔