چینی کمپنی زی ٹی ای نے 2020 میں دنیا کا پہلا انڈر ڈسپلے کیمرے سے لیس اسمارٹ فون ایکسون 20 فائیو جی متعارف کرایا تھا۔
کمپنی کی جانب سے فروری 2021 سے اس کے اپ ڈیٹ ماڈل کے بارے میں اشارے دیئے جارہے ہیں۔
اب کمپنی نے سیکنڈ جنریشن انڈر ڈسپلے کیمرے والے فون ایکسون 30 فائیو جی کی پہلی جھلک بھی جاری کردی ہے۔
کمپنی نے یہ تو نہیں بتایا کہ اس فون کو کب متعارف کرایا جارہا ہے مگر مختلف لیکس کے مطابق یہ فون 22 جولائی کو پیش کیا جاسکتا ہے۔
ویژن ایکس نامی کمپنی بھی زی ٹی ای کے اس فون کا حصہ نظر آتی ہے۔
دونوں کمپنیوں کی جانب سے نئے پکسل ارینجمنٹ میں پیشرفت کی گئی ہے تاکہ ڈسپلے کے اندر چھپے کیمرے سے لی گئی تصاویر کا معیار بہتر اور زیادہ کلیئر ہوں۔
اس فون کے بارے میں زیادہ کچھ تو معلوم نہیں مگرمانا جارہا ہے کہ اس میں اسنیپ ڈراگون 888 پراسیسر، 3 بیک کیمرے جس میں مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہوگا، 55 سے 66 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ ڈسپلے جیسے فیچرز ہوسکتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس انڈر ڈسپلے فون کو ایکسون 30 پرو اور 30 الٹرا کے ساتھ پیش کیا جانا تھا تاہم چپس کی قلت کے باعث تاخیر ہوگئی۔
دوسری جانب زی ٹی ای نے ایکسون 30 الٹرا کا 16 جی بی ریم اور ایک ٹی بی اسٹوریج والا ورژن بھی فروخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس فون کا یہ ورژن صرف چین میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ ایکسون 20 میں انڈر ڈسپلے کیمرے کی ٹیکنالوجی بہت زیادہ متاثرکن تو نہیں مگر اب بھی وہ دنیا کا واحد کمرشل فون ہے جس میں سیلفی کیمرا اسکرین کے اندر چھپا ہوا ہے۔