بھارت: ویکسین لگانے پر برگر کی خریداری سے لے کر پروازوں کے کرایوں تک رعایت

بھارت: ویکسین لگانے پر برگر کی خریداری سے لے کر پروازوں کے کرایوں تک رعایت


بھارت میں مختلف کمپنیاں شہریوں کو فاسٹ فوڈز سے لے کر پروازوں کے کرایوں میں رعایت کا لالچ دے کر ویکسین لگانے کی طرف راغب کرنے لگیں جبکہ کئی ہفتوں کے بعد لاک ڈاؤن سے متاثرہ معیشت بھی بتدریج کھلنے لگی ہے۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مغرب میں ویکسین سے متعلق پائی جانے والی ہچکچاہٹ کے پییش نظر مختلف کاروباری ادارے اس طرح کی پیش کش کر رہے ہیں۔

بھارت ایک ارب 40 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل ملک ہے جہاں کورونا ویکسین کی شدید قلت ہے اور ایسی رعایت سے زیادہ صارفین کو متوجہ کیا جاسکتا ہے۔

بھارت کی سب سے بڑی ایئرلائن انڈیگو چلانے والی انٹرگلوب ایوی ایشن کے سینئر افسر سنجے کمار نے ایک بیان میں کہا کہ ‘ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ قومی ویکسینیشن مہم میں لوگوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کردار ادا کریں’۔

ایئرلائن کا کہنا تھا کہ ویکسینیشن کروانے والے افراد اور یہاں تک کہ ایک خوراک حاصل کرنے والے افراد بھی 10 فیصد تک ڈسکاؤنٹ حاصل کرسکتے ہیں۔

اسی طرح بھارت میں فاسٹ فوڈ کی بڑی کمپنی مک ڈونلڈ نے اپنے کھانوں میں 20 فیصد رعایت کی پیش کش کردی ہے۔

سوفٹ بینک کے تعاون سے چلنے والی کمپنی گروفرز نے اس پروگرام کے تحت ایک ماہ کی سبسکرپشن کی پیش کش کی ہے اور گھریلو اشیا بنانے والی کمپنی گوڈریج نے اپنی مصنوعات کی وارنٹی میں توسیع کردی ہے۔

بھارت کا مرکزی سرکاری بینک سینٹرل بینک آف انڈیا نے ایک خوراک لینے والے افراد کو بھی ڈپازٹ پر بڑے پیمانے پر شرح سود میں اضافے کی پیش کش کی ہے۔

شہری رعایت حاصل کرنے کے لیے اپنا ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ دکھانا پڑتا ہے جو حکومت کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت میں دو کروڑ 91 لاکھ افراد کو ویکسین لگا دی گئی ہے جو چین اور امریکا کے بعد سب سے زیادہ ہے لیکن صرف 5.5 فیصد آبادی وائرس سے مکمل تحفظ کے لیے دونوں خوراکیں لے چکی ہے۔

بھارت میں ویکسین کی طلب کے مطابق فراوانی اگست سے متوقع ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں