لاہور:
بابر اعظم پر قسمت مہربان ہو گئی، ایک ہی میچ میں 3 کیچز ڈراپ ہوئے جبکہ ایک بار رن آؤٹ ہونے سے بچے۔ابوظبی میں جمعرات کی شب کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، شرجیل خان(13) شاہین شاہ آفریدی کا شکار ہوئے، گپٹل(43) نے بابر اعظم کے ہمراہ 88 رنز جوڑے، وہ احمد دانیال کی گیند پر بولڈ ہوئے، نجیب اللہ زدران(0)محمد حفیظ کی وکٹ بن گئے۔
اسکور 127 تک پہنچا تو راشد خان نے ایک ہی اوور میں چیڈوک والٹن(10) کے بعد بابر اعظم (54) کو چلتا کردیا،اس اننگز میں قومی کپتان کے 3کیچز ڈراپ ہوئے، رن آؤٹ کا ایک موقع بھی ضائع ہوا، اختتامی اوورز میں عماد وسیم نے 30اور دانش عزیز نے 16رنز بناکر مجموعہ 5 وکٹ پر 176تک پہنچایا،راشد خان نے2وکٹیں لیں۔
جواب میں لاہور قلندرز کے اوپنرز نے 38 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، ابتدا میں 2چھکوں کے بعد مسلسل جدوجہد کرنے والے فخرزمان 26 گیندوں پر 19 رنز بناکر عماد وسیم کی وکٹ بنے، آغا سلمان(1) رن آؤٹ ہوئے، بین ڈنک(6)کو نور احمد نے چلتا کیا،اسکور 92 تک پہنچا تو محمد حفیظ (36) بھی نوجوان بولر کا شکار بن گئے، اس موقع پر 6 اوورز میں 84 رنز درکار تھے۔
ٹم ڈیوڈ اور جیمز فالکنر58 رنز کی شراکت لاہور قلندرز کو میچ میں واپس لے آئی، عباس آفریدی نے صرف 14 گیندوں پر 34 رنز بنانے والے ٹم ڈیوڈ کو آؤٹ کردیا، آخری اوور میں 20رنز درکار تھے، جیمز فالکنرکی 18 گیندوں پر 33 رنز کی اننگز محمد الیاس نے تمام کی،راشد خان کے 11رنز ناکافی ثابت ہوئے،لاہور قلندرز 7وکٹ پر 169رنز تک محدود رہے،نور احمد اور محمد الیاس2،2وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔