لاہور: ارطغرل غازی کے مرکزی اداکار کو دھوکا دینے پر ٹک ٹاکر گرفتار

لاہور: ارطغرل غازی کے مرکزی اداکار کو دھوکا دینے پر ٹک ٹاکر گرفتار


کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) لاہور نے معروف ٹک ٹاکر کاشف ضمیر چوہدری کو ترک اداکار انگین التان دوزیتان کے ساتھ دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار کر لیا۔

انگین التان دوزیتان نے ترکی کے تاریخی ڈرامے (دیریلیش ارطغرل) میں ارطغرل غازی کا مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

کاشف ضمیر کے خلاف ترک اداکار نے مقدمہ درج کرایا تھا جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزم نے غیر قانونی فوائد حاصل کرنے کے لیے ان کا غلط استعمال کیا۔

ٹک ٹاکر کو ریس کورس پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد گرفتار کیا۔

ایف آئی آر میں انگین التان دوزیتان نے یہ الزام بھی لگایا کہ ملزم نے چند معاہدوں کے عوض انہیں جعلی چیکس دیے اور مذموم مقاصد کے لیے اجازت کے بغیر ان کا نام اور تصاویر استعمال کرکے انہیں بدنام کیا۔

ترک اداکار نے اپنی شکایت آن لائن درج کرائی تھی جس میں انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) پنجاب سے ٹک ٹاکر، جو چوہدری گروپ آف کمپنیز کا مالک ہونے کا دعویٰ کرتا ہے، کے خلاف کارروائی کی درخواست کی تھی۔

ملزم سونے کی بھاری چینز پہننے کے اپنے شوق اور گھر پر شیر رکھنے کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے۔

ڈی ایس پی سی آئی اے میاں شفقت نے کہا کہ کاشف ضمیر نے انگین التان دوزیتان کے نام پر 9 کروڑ روپے کا جعلی چیک جاری کیا۔

سی آئی اے نے کاشف کے خلاف لاہور اور سیالکوٹ میں مزید رجسٹرڈ کیسز کو ٹریس کیا، جس سے ان کا عادی جعلساز ہونا ثابت ہوتا ہے۔

انگین التان دوزیتان نے گزشتہ سال ملزم کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کیا تھا اور ان سے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

معاہدے کے بعد سامنے آیا کہ کاشف ضمیر نے ترک اداکار کو ادائیگی کے جعلی چیکس ادا کیے۔


اپنا تبصرہ لکھیں