16 مئی سے 30 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن کیلئے رجسٹریشن کا فیصلہ

16 مئی سے 30 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن کیلئے رجسٹریشن کا فیصلہ


وزیر منصوبہ بندی و نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ 16 مئی سے 30 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن کا آغاز ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں اسد عمر نے کہا کہ ‘ویکسین کی سپلائی میں بہتری کا سلسلہ جاری ہے اور تمام وفاقی اکائیوں میں ویکسی نیشن کی صلاحیت کو بڑھا دیا گیا ہے، اس لیے ہم ویکسین لگوانے کے اہل افراد کی کیٹیگری کو توسیع دے رہے ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘اتوار 16 مئی سے 30 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن کا آغاز ہوگا’۔

واضح رہے ملک میں مرحلہ وار کورونا کی ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے اور گزشتہ کئی روز سے یومیہ ایک لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے۔

پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز میں ویکسی نیشن کا آغاز ہوا تھا جس کے بعد 65 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے اس عمل کا آغاز ہوا تھا۔

اس وقت ملک میں 40 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو کورونا کی ویکسین لگائی جارہی ہے۔

ملک کے مختلف حلقوں بالخصوص حکومت سندھ کی جانب سے وفاق سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ ویکسین لگانے کے لیے عمر کی حد کو ختم کرے تاکہ ویکسین لگانے کے خواہش مند تمام افراد کی تعداد سامنے آسکے جس سے ویکسین کے انتظامات میں بھی آسانی ہوگی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں اب تک سینوفارم، سینوویک، کین سینو بائیو، ایسٹرازینیکا اور اسپوتنک فائیو ویکیسن لگائی جارہی ہے۔

پاکستان میں اب تک 38 لاکھ 83 ہزار 884 افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں