بھارتی حکومت نے آئی پی ایل ملتوی ہونے کے بعد بھارت میں پھنسے آسٹریلوی کرکٹرز کو آئندہ دو روز میں ملک سے باہر بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ بھارت میں پھنسے آسٹریلوی کرکٹرز، کوچز، امپائرز اور کمنٹیٹرز کو آئندہ 48 گھنٹوں میں ملک سے باہر بھیجا جائے گا، بھارت میں اس وقت آسٹریلیا کے 38 کھلاڑی، کوچز، کمنٹیٹرز اور امپائرز موجود ہیں جو کورونا کی بدترین صورتحال اور فلائٹ آپریشنز بند ہونے کی وجہ سے پھنسے ہوئے ہیں۔
آسٹریلیا کی حکومت نے بھارت سے وطن واپس آنے پر پابندی عائد کررکھی ہے اور اسے جرم قرار دیا ہے جس کے تحت بھارت سے آسٹریلیا آنے والوں کو 5 سال قید اور 66 ہزار ڈالر کا جرمانہ کیا جاسکتا ہے جب کہ آسٹریلیا کی حکومت اپنے اس فیصلے کا جائزہ 15 مئی کو لے گی۔
ایسے میں بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی آسٹریلوی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بھارت سے باہر بھیجنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے جس میں انہیں فوری طور پر محفوظ طریقے سے بھارت سے باہر بھیجا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ بی سی سی آئی اس حوالے سے مختلف آپشنز پر کام کررہا ہے جس میں امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو مالدیپ یا سری لنکا روانہ کیا جائے گا جس کے بعد یہ کھلاڑی اور آفیشلز اپنی آسٹریلیا روانگی کے حوالے سے حکومتی فیصلے کا انتظار کریں گے۔
بھارتی بورڈ کا کہنا ہےکہ توقع ہے کہ تمام افراد کو آئندہ دو روز میں بھارت سے روانہ کردیں گے اور اس حوالے سے ان سے مسلسل رابطے میں ہیں، کھلاڑیوں کی صحت ہمارے لیے اولین ترجیح ہے۔