پاکستان، اقوامِ متحدہ کے 3 اہم پینلز کی رکنیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔
ایک بیان میں ترجمان دفترِ خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ پاکستان نے جرائم کی روک تھام اور انصاف، اسٹیٹس آف ویمن اور پاپولیشن اینڈ ڈیولپمنٹ کمیشن کی رکنیت حاصل کی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ ‘یہ کمیشنز متعدد سماجی اور معاشی مسائل پر بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں’۔
بیان میں کہا گیا کہ یکے بعد دیگرے اقوام متحدہ کے 3 اہم کمیشنز کی رکنیت کے لیے پاکستان کا انتخاب اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ بین الاقوامی برادری، اقوامِ متحدہ میں ہمارے ملک کے فعال کردار اور تعمیراتی شراکتوں کو قبول کرتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ انتخابات اقوامِ متحدہ کے 54 رکنی بنیادی ادارے اکنامک اینڈ سوشل کونسل میں ہوئے تھے۔
جرائم کی روک تھام اور انصاف کمیشن اور آبادی و ترقی کمیشن میں پاکستان کے انتخاب کی کونسل کے تمام اراکین کی جانب سے متفقہ طور پر حمایت کی گئی۔
کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن (سی ایس ڈبلیو) کی ممبر شپ کے لیے ہوئے ووٹنگ میں پاکستان نے 53 میں 50 ووٹ حاصل کیے، اس کمیشن کے دیگر منتخب ممالک میں چین، ایران، جاپان اور لبنان شامل ہیں۔
پاکستان آئندہ سال یکم جنوری سے تینوں کمیشنز کی رکنیت سنبھالے گا۔
بیان میں بتایا گیا کہ یہ چھٹی مرتبہ ہے کہ پاکستان جرائم کی روک تھام اور انصاف کے کمیشن کا رکن منتخب ہوا اور اس پینل کے لیے منتخب کیے گئے دیگر ممالک میں قطر، بحرین، بھارت اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔
اس کمیشن کے رکن کی حیثیت سے پاکستان قومی اور بین الاقوامی جرائم سے نمٹنے اور اس کی روک تھام کے لیے اقوام متحدہ اور اس کے رکن ممالک کے مابین بین الاقوامی تعاون کو بہتر بنا رہا ہے۔
قبل ازیں پاکستان سال 2013 سے 2017 تک صنفی مساوات اور خواتین کو با اختیار بنانے کے ہدف کے حصول کے لیے قائم کردہ کمیشن آن سٹیٹس آف ویمن میں خدمات انجام دے چکا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا اس کمیشن کا رکن منتخب ہونا قومی اور بین الاقوامی سطح پر صنفی رجحان اور خواتین کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے اس کے کردار کو تسلیم کیا کرنا ہے۔
علاوہ ازیں کمیشن آن پاپولیشن اینڈ ڈیولپمنٹ آبادیاتی تحقیق، آبادی اور ترقی کے شعبے میں بین الحکومتی عمل کی حمایت اور معلومات کے حصول اور ممالک کی آبادی کے اعداد و شمار کی تیاری اور تجزیہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے میں مدد کرتا ہے۔
اس کمیشن کے دیگر رکن ممالک میں انڈونیشیا، سعودی عرب اور چین شامل ہیں۔