لاہور ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثوں کے مقدمے میں لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) احد چیمہ کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل بینچ نے احد چیمہ کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
درخواست ضمانت میں چیئرمین نیب اور ڈی جی نیب کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا کہ احد چیمہ آمدن سے زائد اثاثہ جات سے متعلق نیب ریفرنس میں 3 سال سے گرفتار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احد چیمہ کے اثاثے آمدن کے مطابق ہیں اور نیب نے رشتہ داروں کے اثاثے بھی احد چیمہ کے کھانے میں ظاہر کردیے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ نیب نے احد چیمہ پر 57 کروڑ سے زائد کے اثاثے آمدن سے مطابقت نہ رکھنے کا الزام لگایا لیکن احد چیمہ کے رشتہ داروں کی جائیداد بے نامی دار کے زمرے میں نہیں آتی۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ہائی کورٹ نے آشیانہ ہاوسنگ کیس میں ضمانت منظور کرتے ہوئے احد چیمہ کی آمدن سے زائد اثاثہ جات کا ٹرائل 4 ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیا لیکن ہائی کورٹ کے حکم کو 11 ماہ ہوچکے ہیں اور ابھی ایک سو گواہوں کے احتساب عدالت میں بیانات قلمبند ہونا باقی ہیں۔
درخواست گزار نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ احتساب عدالت میں احد چیمہ کا ٹرائل جلد مکمل ہونے کا امکان نہیں ہے لہٰذا عدالت احد چیمہ کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرنے کا حکم دے۔
بدھ کو لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ احمد چیمہ 3 سال سے جیل میں قید ہے اور نیب والے آج پھر جواب داخل کرانے کے لیے مہلت مانگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیس کے 210 گواہوں میں سے 48 کے بیان قلمبند کیے جا چکے ہیں لیکن اس کے باوجود کیس کا ٹرائل تاخیر کا شکار ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا پیش نہ ہونے والے گواہوں اور بے نامی داروں کو شوکاز نوٹس جاری ہوئے؟
اس پر نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ ٹرائل کورٹ کی رپورٹ اور تفصیلی جواب کے لیے مہلت دی جائے، درخواست گزار کے وکیل ٹرائل کورٹ میں بارہ سے زیادہ تاریخیں لے چکے ہیں۔
نیب نے احد چیمہ کی ضمانت کی مخالفت کی اور جواب داخل کرانے کے لیے مہلت کی استدعا کی تاہم عدالت نے یہ درخواست مسترد کردی۔
عدالت نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے احد چیمہ کو 10، 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے بھی جمع کروانے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ احد چیمہ کو شہباز شریف کے خلاف آشیانہ کیس میں فروری 2018 میں گرفتار کیا گیا تھا اور گرفتاری کے بعد احد چیمہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس دائر کیا گیا تھا۔
آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں احد چیمہ کی نومبر 2020 میں ضمانت ہو چکی ہے۔