اسلام آباد ہائیکورٹ نے کورونا وائرس سے متعلق نیشنل ایکشن پلان کے خلاف دائر کی گئی درخواست جرمانے کے ساتھ مسترد کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے خاتون شہری کی درخواست پر 6 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔
عدالت نے خاتون درخواست گزار پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا اور کہا کہ درخواست کے ذریعے حکومتی پالیسیوں کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر غیر ضروری تنازع کھڑا کرنا قومی مفاد میں نہیں، بلاجواز اور غیرسنجیدہ درخواست دائر کرنے پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
عدالت نے درخوست گزار کو 20 ہزار روپے جرمانہ ڈپٹی رجسٹرار کے پاس جمع کرانے کا حکم دیا۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے فیصلے میں کہا کہ خاتون شہری نے نیشنل ایکشن پلان میں سائنسی وجوہات قرآن کی تعلیمات کے خلاف ہونے کا نکتہ اٹھایا جبکہ عدالتی استفسار پر درخوست گزار خود اصول فقہ سے لاعلم نکلیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے جان لیوا کورونا وائرس سے عوام کو بچانے کے اقدامات کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی اور درخوست گزار نے اسلام اور قرآن پاک کی آیات کی غلط تشریح کی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ درخوست گزار کا رویہ عوام کے ذہنوں میں شک پیدا کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔