‘رنگوں کا تہوار’: وزیراعظم کی ہندو برادری کو ہولی کی مبارکباد

‘رنگوں کا تہوار’: وزیراعظم کی ہندو برادری کو ہولی کی مبارکباد


پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہندو مذہب کے پیروکار رنگوں کا تہوار ہولی منا رہے ہیں اور وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں مقیم ہندو برادری کو ہولی کی مبارکباد دی ہے۔

ہولی کا تہوار ہر سال موسم بہار کے آغاز پر منایا جاتا ہے، اس تہوار پر ہولی منانے والے افراد ایک دوسرے پر رنگوں کی بارش کرتے ہیں۔

اس تہوار کو رنگوں کا تہوار بھی کہا جاتا ہے، یہ دنیا کے ہر ملک میں ہندو مذہب کے ماننے والے مناتے ہیں۔

یہ تہوار بھارت اور نیپال میں سرکاری و قومی سطح پر منایا جاتا ہے، جبکہ پاکستان سمیت دنیا کے ان ممالک میں جہاں ہندو مذہب کے پیروکار رہائش پذیر ہیں وہاں بھی اس تہوار کو بھرپور جوش سے منایا جاتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی وب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘ہماری پوری ہندو برادری کو ہولی کا رنگوں بھرا تہوار بہت مبارک ہو’۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی پاکستان سمیت دنیا بھر کے ہندوؤں کو ہولی کی مبارکباد دی۔

شاہ محمود قریشی نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ دنیا بھر میں بالخصوص پاکستان میں بسنے والی ہندو برادری کو ہولی کا تہوار مبارک ہو۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ دعا ہے کہ رنگوں سے سجا یہ تہوار ہمارے ہندو بھائیوں کیلئے امن و آشتی اور راحت و خوشحالی کا ذریعہ بنے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی ہندو برادری کو ہولی کی مبارکباد دی۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ دعا کہ خوشی،دکھ پر حاوی ہو، دعا ہے کہ انسانیت، انتہا پسندی پر فتح یاب ہو اور ہم جوش کے ساتھ چیلنجز پر قابو پائیں۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے ٹوئٹ کی کہ ‘ہولی منانے والی ہماری ہندو برادری اور بیرون ملک مقیم دوستوں کو ہولی مبارک’۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ٹوئٹ کی کہ ہولی کے موقع پر میں ہمارے ہندو بھائیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

دیگر سیاسی جماعتوں سے وابستہ نے بھی ہندو برادری کو ہولی کے تہوار کی مبارکباد پیش کی۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلال بھٹو زرداری نے ہندو برادری اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں رنگوں کا قدیم تہوار ہولی منانے والوں کو مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ ہولی کا پیغام محبت، امن اور بھائی چارہ ہے، یہ تہوار برائی پر اچھائی کی فتح کی علامت بھی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آج جب عدم برداشت و عدم رواداری میں اضافہ ہورہا ہے تو ایسے میں ہولی کے پیغام کو فروغ دینا غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ شہید بھٹو کی جانب سے قوم کو دیا گیا متفقہ آئین، ہندو برادری سمیت پاکستان میں تمام اقلیتوں کے یکساں حقوق کی ضمانت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہولی کی تقریبات

انہوں نے ہولی منانے والوں سے اپیل کی کہ اس موقع پر کووڈ-19 وبا کے خاتمے اور پاکستان کی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔

پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمٰن نے بھی ہندو برادری کو ہولی کی مبارکباد دی اورخود کو محفوظ رکھنے کا بھی ہدایت دی۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما احسن اقبال نے ٹوئٹ کی کہ ہندو برادری کو ہولی کی مبارکباد جوپاکستانی قوم میں رنگوں کا اضافہ کرتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں