سافٹ سگنل؛ امپائر سے اختیار واپس لینے کا امکان

سافٹ سگنل؛ امپائر سے اختیار واپس لینے کا امکان


 لاہور: 

 فیلڈ امپائر سے کیچ پر ’’سافٹ سگنل‘‘ کا اختیار واپس لینے کا امکان ہے جب کہ آؤٹ یا ناٹ آؤٹ کے بجائے ’’نظرنہیں آیا‘‘کا اشارہ دینا مناسب ہوگا۔بھارت اور انگلینڈ کے مابین احمد آباد میں منعقدہ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سوریا کمار یادو کو ڈیوڈ مالان کے ہاتھوں سافٹ سگنل پر کیچ دینے کا معاملہ زیر بحث ہے،میزبان ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے تو یہاں تک کہہ دیا تھا کہ اس طرح کے فیصلے میچ کی صورتحال بدل دیتے ہیں۔

اگر امپائر کیچ کے بارے میں غیر یقینی کا شکار ہو تو وہ یہ کیوں نہیں کہہ سکتا کہ ’’میں نہیں جانتا‘‘، اگر اس میچ میں ہمیں نقصان ہوا ہے تو کل کسی اور کو بھی اسی طرح کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یاد رہے کہ اس کیچ میں لگ رہا تھا کہ گیند زمین سے ٹکرائی ہے مگر امپائر نے سافٹ سگنل میں آؤٹ قرار دیا، غیر واضح ہونے کے باوجود فیصلہ تبدیل نہیں ہوسکا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سیکریٹری بی سی سی آئی جے شاہ نے آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں اس معاملے کو اٹھایا تو دیگر ممبرز کی سپورٹ بھی انھیں حاصل ہوئی،انھوں نے اتفاق کیا کہ سافٹ سگنلز پر امپائر کے پروٹوکولز میں تبدیلی ہونا چاہیے۔

ذرائع کے مطابق ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کی جمعرات کو ہونے والی ورچوئل میٹنگ میں اس حوالے سے سفارش پیش کرتے ہوئے تجویز دی گئی کہ آؤٹ یا ناٹ آؤٹ کے بجائے ان سائیٹڈ(نظر نہیں آیا) کا اشارہ دیا جائے۔

آئی سی سی ڈائریکٹرز اس بات پر بھی زور دے رہے ہیں کہ اس حوالے سے قانون میں ترمیم کا فیصلہ جون میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل سے قبل کرلینا چاہیے، اب اس پر چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی اور بورڈ میٹنگ میں مزید پیش رفت ہوگی۔


اپنا تبصرہ لکھیں