محمد آصف نے وقار یونس کی کامیابیوں پر سوال اٹھا دیے

محمد آصف نے وقار یونس کی کامیابیوں پر سوال اٹھا دیے


 لاہور: 

 ’’اپنے ہی نشیمن پر بجلیاں گرانے لگے‘‘ محمد آصف نے وقار یونس کی انٹرنیشنل کامیابیوں پر سوال اٹھا دیے۔اسپاٹ فکسنگ کیس 2010 میں سزایافتہ محمد آصف نے قومی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں محمد آصف نے کہاکہ وقار یونس کی ریورس سوئنگ کا کہا جاتا ہے مگر وہ گیند خراب کیاکرتے تھے،پنجابی زبان میں اسے ’’ڈبی مارنا‘‘ کہتے ہیں، نئی گیند سے بولنگ تو انھیں تب آئی جب وہ ریٹائرمنٹ کے قریب پہنچ چکے تھے، پہلے تو وہ بال کے ساتھ چیٹ کرتے تھے۔

محمد آصف نے کہا کہ وقار یونس گذشتہ 20سال سے کوچنگ کر رہے اور ٹیم کے ساتھ ہیں، مان لیاکہ آپ سوئنگ کے ماسٹر تھے اورآپ کے پاس اتنا تجربہ بھی ہے تو اس طویل عرصے میں ایک بھی نیا سوئنگ بولرکیوں تیار نہیں کر سکے؟

انھوں نے کہا کہ کہنے کو ہمارے پاس بولرز تو بہت ہیں مگر ہوتا یہ ہے کہ کسی کو 2یا 3 میچز کھلا کر باہر کردیا پھر نیا آگیا، ’’ینگ ٹیلنٹ ڈھونڈ لو‘‘ کی تکرار بہت ہوتی ہے، بولرز کی تعداد تو زیادہ ہے مگر کوالٹی سامنے نہیں آ رہی،8 یا 10 بولرز اکٹھے کر لیے ہیں ان میں سے جسے چاہیں کھلاتے یا ڈراپ کر دیتے ہیں،وہ نوجوان بولرز اس لیے منتخب کررہے ہیں کہ سب دب کر رہیں گے، اگر کوئی اچھا بولر ہوگا تو وہ ان کو تو قبول نہیں کرے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں