ایچ ایم ڈی گلوبل کی جانب سے 8 اپریل کو ایک ایونٹ کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے جس میں کم از کم 3 نئے نوکیا فونز متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
ان فونز میں نوکیا کے سستے ترین 5 جی فونز ایکس 10 اور ایکس 20 شامل ہیں جبکہ ان کے ساتھ ایک مڈرینج فون نوکیا جی 10 بھی پیش کیا جائے گا۔
نوکیا ایکس 10 اور ایکس 20 میں اسنیپ ڈراگون 480 پراسیسر اور 5 جی سپورٹ جیسے فیچرز موجود ہوں گے۔
ابھی نوکیا کا ایک ہی 5 جی فون 8.3 دستیاب ہے جو کافی مہنگا ہے اور دیگر کمپنیوں کے مقابلے میں یہ 5 جی فونز کی دوڑ میں کافی پیچھے رہ گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ نوکیا جی 10 میں میڈیا ٹیک کا ہیلیو پی 22 پراسیسر موجود ہوگا جبکہ 6.38 ایل سی ڈی ڈسپلے ایچ ڈی پلس ریولوشن اور 4000 ایم اے ایچ بیٹری ہوگی۔
لیکس کے مطابق فون میں 3 سے 4 جی بی ریم اور 32 سے 64 جی بی اسٹوریج ہوسکتی ہے۔
فون کے بیک پر 48 میگا پکسل مین کیمرا، 5 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، 2 میگا پکسل ڈیپتھ اور 2 میگا پکسل میکرو کیمرے موجود ہوں گے جبکہ فرنٹ پر 16 میگا پکسل سیلفی کیمرا ہوگا۔
لیکس میں بتایا گیا کہ نوکیا جی 10 کی قیمت 139 یورو (لگ بھگ 26 ہزار پاکستانی روپے) ہوسکتی ہے جبکہ ایکس 10 کی قیمت 300 یورو (55 ہزار پاکستانی روپے سے زیادہ) جبکہ ایکس 20 کی قیمت 350 یورو (65 ہزار پاکستانی روپے) تک ہوسکتی ہے۔
یہ ایونٹ 8 اپریل کو برطانوی وقت کے مطابق 3 بجے سہ پہر کو ہوگا۔