صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ان کی اہلیہ ثمینہ علوی نے اسلام آباد میں کورونا ویکسین لگوائی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صدر مملکت کی جانب سے ویکسین لگانے کی ویڈیو بھی جاری کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کورونا کی ویکسین لگوانے اسلام آباد میں کووڈ ویکسینیشن مرکز ترلائی پہنچے جہاں صدر مملکت اور ان کی اہلیہ ثمینہ عارف علوی کو کورونا کی ویکسین لگائی گئی۔
صدر مملکت نے کہا کہ دنیا بھر میں اشرافیہ نے لائن توڑ کر ویکسین لگوائی، پاکستان میں عمر کے حساب سے اپنی باری پر ویکسین لگائی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے 1166 پر رجسٹریشن کروائی اور نمبر آنے پر ویکسین لگوائی، حکومت نے ویکسینیشن کا آسان اور بہترین نظام بنایا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ویکسین ملنے کے باوجود احتیاط جاری رکھیں، کورونا کی تیسری لہر کے پیشِ نظر ماسک پہننا، ہاتھ دھونا اور فاصلہ برقرار رکھنا جاری رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی اپنانے سے معاشی نقصان کم ہوا۔
خیال رہے کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارتی آف پاکستان (ڈریپ) نے 5 مارچ کو چین کی تیار کردہ سائنوفارم کووڈ-19 ویکسین کے استعمال کی اجازت کے دو ماہ بعد 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو اسے لگانے کی بھی منظوری دے دی تھی۔
وفاقی وزارت صحت کے ترجمان ساجد شاہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ مذکورہ عمر کے افراد سمیت نیشنل امیونائزیشن منیجمنٹ سسٹم (نیمز) میں رجسٹرڈ تمام طبی عملہ جن کی عمر 60 سال سے زائد ہے وہ ڈریپ سے منظوری کے بعد ویکسین سینٹرز سے ویکسین لگا سکتے ہیں۔
اس سے قبل وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت نے کہا تھا کہ سائنوفارم 60 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے تجویز نہیں کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان میں کووڈ-19 ویکسین لگانے کا عمل گزشتہ ماہ چین سے ویکسین کی پہلی کھیپ پہنچنے کے بعد شروع ہوا تھا۔
ویکسینیشن کے پہلے مرحلے میں صف اول کے طبی عملے کو ویکسین لگائی گئی، جس کے بعد 22 فروری کو ڈاکٹروں، نرسز، فارماسسٹ اور دیگر طبی عملے کی رجسٹریشن شروع ہوئی تھی۔
پاکستان کو کوویکس پروگرام کے تحت آکسفورڈ ایسٹرازینیکا ویکیسن کی 28 لاکھ خوراکیں ملنے کے بعد ویکسین لگانے کے دوسرے مرحلے کا آغاز گزشتہ ہفتے شروع ہونے والا تھا اور اس مرحلے میں بزرگ شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی۔
ڈان کو وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا تھا کہ آکسفورڈ-ایسٹرازینیکا ویکسین کی فراہمی کا عمل تاخیر کا شکار ہوگیا ہے، ‘اگلے ہفتے ہمیں سرنجز ملیں گی اور ویکسین رواں ماہ کے وسط یا آخری تک پہنچ جائے گی’۔