دورانِ پرواز بچے کو چُپ کرانے والے پی آئی اے کے چیف فلائٹ اٹینڈنٹ کے چرچے


پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز کے دوران روتے ہوئے بچے کو چُپ کراتے چیف فلائٹ اٹینڈنٹ کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں۔

وائرل ہونے والی تصاویر میں پی آئی اے کے چیف فلائٹ اٹینڈنٹ، بچے کو سینے سے لگا کر خاموش کراتے نظر آرہے ہیں۔

یہ واقعہ اس وقت سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنا جب پاکستانی گلوکار و اداکار فخر عالم نے بچے کے ساتھ چیف فلائٹ اٹینڈنٹ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہیں سراہا۔

گلوکار و اداکار فخر عالم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی۔

فخر عالم نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ علی الصبح اسلام آباد سے کراچی آنے والی پی آئی آے کی پرواز میں ان کے دوست سوار تھے جنہوں نے ان سے یہ واقعہ شیئر کیا۔

انہوں نے پوسٹ میں بتایا کہ دورانِ پرواز ایک بچہ مسلسل رور رہا تھا اور بچے کی والدہ اسے چپ کرانے کی کوششوں کے دوران پریشان ہوگئیں، وہ اسے خاموش نہیں کرا پارہی تھیں۔

فخر عالم نے بتایا کہ بچے کے چپ نہ ہونے پر ہیڈ پرسر (چیف فلائٹ اٹینڈنٹ) توحید نے اس روتے ہوئے بچے کو بہلایا اور سلادیا۔

گلوکار نے اپنی پوسٹ میں انہیں سراہتے ہوئے مزید لکھا کہ یہ واقعی عظیم لوگ ہیں کہ ان کے ساتھ سفر کیا جائے۔

فخر عالم کی جانب سے یہ تصاویر شیئر کرنے کے بعد سے سوشل میڈیا پر پی آئی اے کے چیف فلائٹ اٹینڈنٹ کے اس اقدام کو بہت زیادہ سراہا جارہا ہے۔

ہمایوں نامی صارف نے لکھا کہ زبردست، پی آئی اے ہماری پہچان ہے اور ہمیں اسے بھولنا نہیں چاہیے۔

ایس بی پی نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ماشااللہ یہ دل کو چھولینے والا واقعہ ہے۔

رامی اطہر نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ‘یہ بچہ میرا بھتیجا ریان ہے، میری کزن ایک تقریب میں شرکت کے لیے کراچی آرہی تھیں، یہ دیکھ کر خوشی ہوئی’۔


اپنا تبصرہ لکھیں