اوپو کی ایف سیریز کے 2 نئے اسمارٹ فونز ایف 19 پرو اور ایف 19 پرو پلس 5 جی متعارف کرادیئے گئے ہیں۔
یہ دونوں فونز دیکھنے میں ایک جیسے ہیں، بس پراسیسر اور بیٹری چارجنگ اسپیڈ کا فرق ہے۔
ایف 19 سیریز کے دونوں فونز میں 6.43 انچ کا امولیڈ ڈسپلے ایف ایچ ڈی پلس ریزولوشن کے ساتھ دیا گیا ہے۔
دونوں میں 16 میگا پکسل سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں موجود ہے جبکہ ڈسپلے پینل کے تحفظ کے لیے گوریلا گلاس 5 کا استعمال کیا گیا ہے۔
فنگرپرنٹ سنسر بھی اسکرین کے اندر نصب ہے۔
جہاں تک پراسیسر کی بات ہے تو ایف 19 پرو پلس میں میڈیا ٹیک کا ڈیمینسٹی 800 یو موجود ہے جبکہ ایف 19 پرو میں ہیلیو پی 95 پراسیسر دیا گیا ہے۔
ایف 19 پرو اور ایف 19 پرو پلس دونوں میں 8 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔
دونوں فونز میں 4310 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہے تاہم ایف 19 پرو پلس میں 55 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے جبکہ ایف 19 پرو میں 30 واٹ سپورٹ فراہم کی گئی ہے۔
دونوں فونز میں اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے کلر او ایس 11.1 سے کیا ہے۔
دونوں فونزز میں بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس میں مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے۔
اس کے علاوہ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، 2 میگا پکسل میکرو اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ ڈیٹا کیمرے بھی اس سیٹ اپ کا حصہ ہیں۔
کیمرا سیٹ اپ اے آئی پورٹریٹ ویڈیو، الٹرا نائٹ ویڈیو اور ڈوئل ویڈیو جیسے فیچرز دیئے گئے ہیں۔
ایف 19 پرو کا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 295 ڈالرز (46 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 256 جی بی اسٹوریج والا فون 322 ڈالرز (50 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔
ایف 19 پرو پلس 5 جی صرف 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج ورژن میں ہی دستیاب ہے جس کی قیمت 356 ڈالرز (لگ بھگ 56 ہزار پاکستانی روپے) رکھی گئی ہے۔