پی ایس ایل؛ اسٹین اور کٹنگ دوبارہ واپسی کیلیے بے تاب


 لاہور: 

 ڈیل اسٹین اور بین کٹنگ پی ایس ایل میں دوبارہ واپسی کیلیے بے تاب ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ڈیل اسٹین نے ویڈیو پیغام میں کہاکہ اگرچہ ایونٹ ملتوی ہوگیا مگر میں چاہتا ہوں کہ شائقین امید کا دامن نہ چھوڑیں، ہماری ٹیم جیت کا تسلسل حاصل کرنے سے ایک میچ کی دوری پر ہے، گذشتہ مقابلے میں ملتان سلطانز کیخلاف فتح سے آغاز ہوگیا،امید ہے کہ ٹورنامنٹ دوبارہ شروع ہونے پر ہم اسی اعتماد کو لے کر آگے بڑھتے ہوئے فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

انھوں نے پاکستانی مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے دوبارہ ملاقات کا منتظر ہوں، بھرپورسپورٹ کا شکریہ۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ہی نمائندگی کرنے والے آسٹریلوی آل راؤنڈر بین کٹنگ نے کہاکہ پی ایس ایل کا ملتوی ہونا مایوس کن ہے،ہم پْرامید ہیں کہ اگلے 1،2 ماہ یا رواں سال میں ہی واپس آکر ٹورنامنٹ مکمل کریں گے، میں بڑی بے تابی سے پاکستان واپسی کا منتظر رہوں گا۔

انھوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کے ابھی 5میچز باقی ہیں،فی الحال تو مومنٹم ٹوٹ گیا،امید ہے کہ فتوحات کے سفر پر گامزن رہتے ہوئے فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرینگے۔

انگلش کرکٹر سمت پٹیل نے کہاکہ پی ایس ایل کا ملتوی ہونا اچھی خبر نہیں ہے، لاہور قلندرز اچھی پوزیشن میں تھے اب ہم امید کرتے ہیں کہ لیگ دوبارہ شروع ہوگی۔

آل راؤنڈر نے ایک ویڈیو کو ری ٹویٹ بھی کیا جس میں لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا اور کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال بائیو سیکیورٹی میں نقائص کی نشاندہی کررہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں