سام سنگ نے 50 میگا پکسل کیمرا سینسر پیش کردیا


سیئول، کوریا: 

سام سنگ نے دنیا کا جدید ترین اسمارٹ فون کیمرا سینسر پیش کردیا ہے جس کی بدولت صارفین 50 میگاپکسل کی تصویریں کھینچ سکیں گے جبکہ اس سے 480 فریم فی سیکنڈ (480 ایف پی ایس) شرح والی فل ایچ ڈی ویڈیوز بھی بنائی جاسکیں گی۔جنوبی کوریا کی مشہور ’’سام سنگ الیکٹرونکس‘‘ کے بنائے ہوئے اس نئے کیمرا سینسر کو ’’آئسوسیل جی این 2‘‘ (Iso Cell GN2) کا نام دیا گیا ہے جو اسمارٹ فون فوٹوگرافی/ ویڈیوگرافی کو ایک نئے انقلابی دور سے روشناس کرے گا۔

زیادہ صحیح الفاظ میں کہا جائے تو ایسے کیمروں کا پکچر ریزولیوشن 8,160 ضرب 6,144 پکسل (یعنی مجموعی طور پر 50 میگاپکسل سے بھی زیادہ) ہوگا۔

اس کے ذریعے 24 ایف پی آر پر ’’ایٹ کے‘‘ (8K) ریزولیوشن والی ویڈیوز بنائی جاسکیں گی۔

اگر آپ ’’سپر سلوموشن‘‘ کے قابل ویڈیوز بنانا چاہتے ہیں تو ان کیمروں کی مدد سے 480 ایف پی آر پر 1080 پی (ایچ ڈی) کوالٹی ویڈیو بنائی جاسکے گی۔

آسان الفاظ میں کہا جائے تو 480 ایف پی آر والی صرف ایک منٹ کی ویڈیو اگر ’’نارمل‘‘ یعنی 24 ایف پی آر کی رفتار سے چلائی جائے تو وہ 20 منٹ میں مکمل ہوگی۔

خصوصی انتظام کے تحت یہی کیمرا سینسر 100 میگاپکسل تک کی تصویریں کھینچنے کے قابل بھی ہوگا۔

کم روشنی کی صورت میں اس کا سینسر (اپنے خودکار الگورتھم کی مدد سے) بڑی پکسلز استعمال کرتے ہوئے روشن اور صاف ستھری تصویریں/ ویڈیوز بھی بنا سکے گا۔

قدرے تکنیکی الفاظ میں بات کی جائے تو ’’آئسوسیل جی این 2‘‘ موبائل کیمرا سینسر میں ہر پکسل کی جسامت صرف 1.4 مائیکرومیٹر، یعنی انسانی بال کے مقابلے میں بھی 53 گنا مختصر ہے۔

یہی وجہ ہے کہ اس سینسر کی مجموعی چوڑائی صرف 11 مربع ملی میٹر (1.1 مربع سینٹی میٹر) سے معمولی سی زیادہ ہے۔

واضح رہے کہ پچھلے سال یعنی 2020 میں سام سنگ، ہواوے، شیاؤ می اور موٹرولا کی جانب سے 108 میگاپکسل ریزولیوشن والے اسمارٹ فون کیمرے پیش کیے جاچکے ہیں مگر ان میں پکسل سائز 1.66 مائیکرو میٹر سے 2.44 مائیکرومیٹر تک تھا۔

سام سنگ کا نیا اسمارٹ فون کیمرا سینسر ان سب کے مقابلے میں کم پکسل سائز کا حامل ہے۔

یہ کیمرا سینسر سام سنگ کے کونسے اسمارٹ فون کا حصہ بنے گا؟ اس بارے میں فی الحال سام سنگ کی پریس ریلیز میں کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔

البتہ ’’اندر کی خبریں‘‘ دینے والی بعض ویب سائٹس سے اتنا ضرور معلوم ہوا ہے کہ شیاؤ می کمپنی نے اپنے اگلے ’’شیاؤ می 11 الٹرا‘‘ اسمارٹ فون میں سام سنگ آئسو سیل جی این 2 کیمرا سینسر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں