نئی قسم کا کورونا وائرس زیادہ ہلاکت خیز ثابت ہو رہا ہے، برطانوی وزیراعظم


 لندن: 

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ نئی قسم کے کورونا وائرس سے زیادہ ہلاکتیں ہو رہی ہیں اور یہ ملک میں زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ برطانیہ میں سامنے آنے والی کورونا کی نئی قسم سے زیادہ ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ ماہرین نئی قسم کے کورونا وائرس کو زیادہ ہلاکت خیز بتا رہے ہیں اور اسی حساب سے ہمیں وبا پر قابو پانے کے لیے منصوبہ بندی کرنی ہے۔

برطانوی وزیراعظم نے مزید کہا کہ نئی قسم کا وائرس زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے باعث اسپتالوں اور قرنطینہ سینٹرز میں رش بڑھ گیا ہے اور طبی عملہ کام کے شدید دباؤ کا شکار ہے۔

وزیراعظم بورس جانسن نے یہ بھی کہا کہ ملک بھر میں استعمال ہونے والی دونوں ویکسین کے کورونا کی نئی قسم کے خلاف کارگر ثابت ہونے کے شواہد ملے ہیں اس لیے ویکسی نیشن کروانے والے نئی قسم کے کورونا وائرس سے محفوظ ہیں۔

برطانوی وزیراعظم نے اعداد و شمار سامنے رکھتے ہوئے بتایا کہ مہلک وائرس میں مبتلا 60 سے زائد عمر والے ایک ہزار افراد میں سے 10 کی موت مواقع ہوجاتی ہے لیکن نئی شکل کے کورونا وائرس میں مبتلا ایک ہزار میں سے 13 یا 14 افراد تک ہلاک ہوسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس کے اختتامی دنوں میں کورونا وائرس کی نئی شکل سامنے آئی تھی جو زیادہ متعدی اور ہلاکت خیز ہے تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ کورونا ویکسین اس قسم کے خلاف بھی کارگر ثابت ہو رہی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں