پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے عدلیہ مخالف پروگرام نشر کرنے پر نجی چینل ‘بول نیوز’ کا لائسنس 30 روز کے لیے معطل کردیا اور 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔
اس حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق 12 جنوری 2021 کو بول نیوز کے پروگرام ‘تجزیہ’ جس کے میزبان سمیع ابراہیم ہیں، میں عدلیہ مخالف مواد نشر کیا گیا۔
پیمرا کے مطابق پروگرام میں سمیع ابراہیم اور سینئر رپورٹر میاں داؤد نے ہائی کورٹ میں جج صاحبان کے تقرر اور اس کے طریقہ کار بحث کے دوران چیف جسٹس اور دیگر فاضل ججز کے خلاف ہرزہ سرائی کی اور نہایت غیر مناسب اور عامیانہ تبصرہ کیا۔
پریس ریلیز کے مطابق میزبان اور رپورٹر دونوں نے آئینِ پاکستان کی شق 19، 68 اور پیمرا قوانین سمیت ضابطہ اخلاق 2016 کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی کی اور عدالت و فاضل ججز کے کنڈکٹ پر غیر ضروری پر بحث کی۔