اپنا کھانا خود گرم کرنے والا لنچ باکس


 نیویارک: 

اب لنچ باکس میں چولہا اور مائیکروویو بھی ساتھ رکھ کر گھومیں، ہیٹ باکس نامی ایجاد یو ایس بی سے چارج ہوتی ہے اور اندر موجود کھانے کو فوری طور پر گرم کرکے اسے کھانے کے قابل بناتی ہے۔آج کے تیزرفتار دور میں ہر جگہ کھانا گرم کرکے نہیں کھایا جاسکتا کیونکہ سفر میں ہر جگہ مائیکروویو اون یا بجلی کی سہولت موجود نہیں ہوتی، اسی لیے ہیٹ باکس تیار کیا گیا ہے جو بھاپ کی بدولت اندر رکھے کھانے کو گرم کرتا ہے۔ اس طرح آپ کسی بھی وقت گرم اور مزیدار کھانا کھاسکتے ہیں۔

ہالینڈ کے ایک انجنیئر نے کھانے کو گرم رکھنے والا لنچ باکس بنایا ہے جسے آپ چارج کرنے کے بعد کہیں بھی لے جاسکتے ہیں۔ کھانے سے قبل بس اتنا کرنا ہوگا کہ سوئچ آن کردیں جس کے بعد اندر موجود اسٹیم غذا کو اچھی طرح گرم کردیتی ہے۔

اس کے لیے صرف 20 ملی لیٹر پانی اندر انڈیلنا ہوتا ہے جو اندر موجود اسٹیل کے برتن میں چلا جاتا ہے۔ اس کے اوپر ایک ڈھکنا رکھ کر کھانے کو بند کیا جاسکتا ہے اور یوں گرم بھاپ کھانے کے ہر حصے سے ہوتی ہوئی اسے فوری طور پر گرم کردیتی ہے۔

آپ کا جب جب گرما گرم کھانے کا دل چاہے تو اوپر کا ڈھکنا کھولیں اور اندرکی پرت کو اتاریں اور باہر کا بٹن دبادیں جس سے اسٹیل کے اندر دھاتی مٹیریئل گرم ہوگا اور اس کے ساتھ پانی کھول کر اندر گھومنے لگے گا۔ لنچ باکس میں موجود اندرونی والو بھاپ کا دباؤ برقرار رکھتے ہیں اور یوں برتن کے اندر کا دباؤ خوف ناک حد تک بلند نہیں ہوتا۔

اس طرح آپ ایپ کے ذریعے بھی لنچ پاکس کی حرارت کو کم، درمیانہ اور بلند پر رکھ سکتے ہیں۔ اس لنچ باکس چولہے کی قیمت 150 ڈالر رکھی گئی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں