یورپی یونین نے ایک اور کورونا ویکسین کی منظوری دیدی


e

برلن: 

یورپی یونین کے میڈیسن ریگولیٹری اتھارٹی نے امریکی دوا ساز کمپنی موڈرنا کی ویکسین کے استعمال کی بھی اجازت دیدی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ’’یورپین میڈیسن ایجنسی‘‘ نے 27 یورپی ممالک کے بلاک میں استعمال کے لیے ایک اور کورونا ویکسین کی منظوری دیدی ہے اور اس بار قرعہ فال موڈرنا کی کورونا ویکسین کے نام نکلا ہے۔

یورپی یونین کی میڈیسن ریگولیٹری اتھارٹی ’’ ای ایم اے‘‘ کے سربراہ ایمر کُک نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ عالمی وبا پر جلد از جلد قابو پالینے کے لیے موڈرنا کی کورونا ویکسین کی منظوری دی جارہی ہے جب کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کی ویکسین کو بھی اگلے ماہ منظور کیے جانے کا امکان ہے۔

یورپی یونین نے گزشتہ ماہ ہی امریکی دوا ساز کمپنی فائزر اور جرمنی کی بائیو ٹیک کمپنی کی کورونا ویکسین کی منظوری دی تھی جس کے بعد 27 دسمبر سے یورپی ممالک میں ویکسینیشن کا آغاز ہوگیا ہے تاہم ویکسین کی درکار مقدار نہ ملنے کے باعث سست روی کا شکار ہے۔

موڈرنا کی کورونا ویکسین کو اپنی مؤثریت اور کولڈ اسٹوریج کے لحاظ سے فائزر کی ویکسین پر فوقیت حاصل ہے۔ موڈرنا کی مؤثریت 94 فیصد جب کہ فائزر کی ویکسین کی 90 فیصد تھی اور موڈرنا کے لیے ترسیل اور شیلف درجہ حرات منفی 20 سینٹی گریڈ ہونا چاہیئے جو کہ نارمل ہے جب کہ فائزر ویکسین کو منفی 75 سینٹی گریڈ پر رکھنا ہوگا۔


اپنا تبصرہ لکھیں