میکسیکو سٹی:
میکسیکو نے فائزر اور بائیوٹیک کی مشترکہ طور پر تیار کردہ ویکسین کے بعد اب دوا ساز کمپنی ایسٹرا زینیکا اور یونیورسٹی آف آکسفورڈ کی مشترکہ کورونا ویکسین کے ملک بھر میں استعمال کی اجازت دے دی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کوونا وبا سے شدید متاثر ہونے والے ملک میکسیکو میں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 27 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ اس وائرس کے متاثرین کی تعداد 15 لاکھ ہو گئی ہے۔
تازہ لہر میں روازنہ کی بنیاد پر 25 ہزار سے زائد افراد میں کورونا کی تصدیق اور 500 سے زائد ہلاکتوں کے بعد 24 دسمبر سے میکسیکو میں فائزر کی کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع ہوگیا تھا تاہم بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے لیے اب آکسفورڈ یونیورسٹی کی کورونا ویکسین کی بھی منظوری دیدی گئی ہے۔
اس سلسلے میں میکسیکو آسٹرا زینیکا کی کورونا ویکسین کی 7 کروڑ 74 لاکھ خوراکیں خریدے گا اور حکومت نے تقریباً 12 کروڑ 90 لاکھ افراد کو یہ ویکسین مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
میکسیکو کے نائب وزیرِ صحت ہیوگو لوپیز گیٹیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ملک کی دوا ساز کمپنیوں کے نگراں ادارے نے آسٹرا زینیکا اور آکسفورڈ کی تیار کردہ ویکسین کی منظوری دیدی ہے اور یہ ویکسین ممکنہ طور پر مارچ میں دستیاب ہو گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت، برطانیہ اور ارجنٹائن بھی آسٹرازینیکا اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ کورونا ویکسین کی منظوری دے چکے ہیں اور ان ممالک میں ویکسینیشن کا آغاز ہوچکا ہے۔