لندن:
برطانیہ میں آکسفورڈ یونیورسٹی کی کورونا ویکسین کا پہلا ٹیکہ 82 سالہ گردوں کے ایسے مریض کو لگادیا گیا جن کا ڈائیلیسس جاری ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں آکسفورڈ یونیورسٹی اور آسٹرازینیکا کی مشترکہ طور پر تیار کردہ کورونا ویکسین کا پہلا ٹیکہ 82 سالہ برین پنکر کو لگایا گیا ہے جو گردوں کے مرض میں مبتلا ہیں اور ان کا ڈائیلیسس کیا جاتا ہے۔
دنیا بھر میں فائزر، میڈورنا اور سینوفارم سمیت 5 کورونا ویکسین کے شہریوں کو لگانے کا عمل جاری ہے تاہم آکسفورڈ یونیورسٹی کی ویکسین پہلی بار کسی ایسے شخص کو لگائی گئی ہے جو جسم کے کسی اہم اعضاء کے ناکارہ ہوجانے کے مرض میں مبتلا ہیں۔
برین پنکر نے ویکسین بنانے والے سائنس دانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں اسی ماہ اپنی شادی کی 48 ویں سالگرہ مناؤں گا اور ویکسین کی وجہ سے میری خوشی دوبالا ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں 8 دسمبر سے فائزر اور بائیوٹیک کی مشترکہ طور پر تیار کردہ ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے تاہم اب آسٹرازینیکا اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی کورونا ویکسین بھی لگائی جارہی ہیں تاکہ ہفتہ وار 20 لاکھ افراد کی ویکسینیشن کا ہدف حاصل کیا جاسکے۔