تہران:
ایران میں مقامی سطح پر کورونا ویکسین تیار کر لی گئی ہے اور 3 رضا کاروں کو ویکسین لگا کر ٹرائل کے پہلے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران میں مقامی سطح پر تیار کی گئی کورونا ویکسین کے ٹرائل کا آغاز ہوگیا ہے۔ اس حوالے سے ایران کے نائب صدر برائے سائنس اینڈ ٹکنالوجی سورینا ستاری اور وزیر صحت سعید نامکی سمیت سینئر عہدیداروں کی موجودگی میں 3 رضاکاروں کو ویکسین کے ٹیکے لگائے گئے۔
مقامی سطح پر تیار کردہ ویکسین کے ٹرائل میں حصہ لینے کے لیے 20 ہزار سے زائد رضاکاروں نے اپنی خدمات پیش کی ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں 56 رضاکاروں کو ویکسین کے 14 دن کے فرق سے دو ٹیکے لگائے جائیں گے پھر ان کے نتائج کی جانچ پڑتال کے جائے گی اور چار ہفتوں بعد ویکسین کے استثنیٰ کے ردعمل کو جانچا جائے گا۔
اس حوالے سے وزارت صحت کے اعلیٰ عہدیداروں نے میڈیا کو بتایا کہ جب تک ویکسین کو بڑے پیمانے پر استعمال کے لئے حتمی منظوری نہیں مل جاتی ہے تب تک ایران عالمی ادارہ صحت سے دیگر کورونا ویکسین کی خریداری کی کوششیں جاری رکھے گا۔
گزشتہ ہفتے ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ عبدولنسر ہیممتی نے کہا تھا کہ امریکی پابندیوں کی وجہ سے بینک ٹرانزیکشن میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں پر قابو پالیا گیا ہے اور اب ویکسین کی خریداری کے لئے رقم کی منتقلی کا ابتدائی معاہدہ کیا گیا ہے۔
ایران کے اعلی بینکر نے مزید بتایا تھا کہ بینک نے اس مرحلے پر ویکسین کی خریداری کے لئے 200 ملین یورو مختص کیے ہیں اور بعد میں مزید وسائل مختص کرنے پر راضی ہیں۔
قبل زیں ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا تھا کہ ہماری پہلی ترجیح مقامی سطح پر کورونا ویکسین کی تیاری ہے جس کے لیے دوسرے ممالک سے بھی تعاون کی درخواست کریں گے۔
واضح رہے کہ ایران میں اب تک 10 لاکھ سے زیادہ افراد میں کورونا کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ محتاط اندازے کے مطابق اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 54 ہزار سے زائد ہے۔