اسلام آباد:
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہاہے کہ اب تک 21 لاکھ 90 ہزار سے زائد ٹیکس گوشوارے موصول ہوچکے ہیں۔
ترجمان ایف بی آر نے ہفتہ کو بتایا کہ ٹیکس سال 2020 کے لئے انکم ٹیکس گوشوارے وصول ہونے میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ 8 دسمبر 2020 ء تک 17 لاکھ 68ہزار ٹیکس گزاروں نے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کئے،8دسمبر سے اب تک مزید 3لاکھ 77 ہزار گوشوارے داخل ہو چکے جبکہ اس ضمن میں گوشواروں کے ساتھ ادا شدہ ٹیکس 31 ارب روپے اکھٹا ہوا ہے۔
پچھلے سال اس عرصہ میں 19 لاکھ 83 ہزار گوشوارے جمع ہوئے اور ادا شدہ انکم ٹیکس 16 ارب روپے تھا۔ اس طرح پچھلے سال کے مقابلہ میں اس سال گوشواروں کے ساتھ دو گنا ٹیکس جمع ہوا۔