پاکستان میں مہنگائی کا جن ایک مرتبہ پھر بے قابو ہوگیا ہے، ملک میں ایک ہفتے میں مہنگائی میں 0.11 فیصد اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کے تازہ ترین اعدادوشمار جاری کر دیئے گئے ہیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق چینی اور آٹے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا جبکہ ایک ہفتے میں 20 اشیاء ضروریہ مہنگی ہوگئی۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابقچینی اوسط 13 پیسے فی کلو مزید مہنگی ہوگئی جس کے بعد چینی کی اوسط قیمت بڑھ کر 82 روپے 6 پیسے فی کلو ہوگئی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک ہفتے میں ٹماٹر 8 روپے 29 پیسے فی کلو مہنگا ہوا جبکہ انڈے فی درجن 6 روپے 26 پیسےمزید مہنگے ہوئے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ جبکہ آٹے کا 20 کلو تھیلا 5 روپے 53 پیسے مہنگا ہوگیا۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 19 روپے 86 پیسے مہنگا ہوگیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی جس کے بعد آلو 6 روپے 71 پیسے، پیاز3 روپے 95 پیسے فی کلو سستا ہوا، ایک ہفتہ میں دال مسور 3 روپے 3 پیسے فی کلو سستی ہوئی جبکہ مرغی 15 روپے 68 پیسے فی کلو سستی ہوئی لیکن حالیہ ہفتے 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا