واشنگٹن:
امریکا میں نو منتخب صدر جو بائیڈن نے بھی فائزر کی کورونا ویکسین لگوالی اور یہ منظر براہ راست ٹیلی وژن پر بھی نشر کیا گیا تاکہ عوام کو ویکسین کا اعتماد حاصل ہو۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق نو منتخب صدر جو بائیڈن کو ریاست ڈیلاویئر کے مقامی اسپتال میں ‘فائزر’ اور ‘بائیو ٹیک’ کی تیار کردہ کورونا ویکسین لگائی گئی۔ امریکا میں فائزر اور میڈورنا کی دو ویکسنز کی منظوری دی جاچکی ہے۔
ویکسین لگوانے کے بعد نومنتخب صدر جو بائیڈن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ویکسین لگوانے کا عمل براہ راست دکھایا گیا تاکہ عوام بھی اس ویکسین کو لگوانے کے لیے تیار رہیں۔
نو منتخب صدر جوبائیڈن کے ساتھ اُن کی اہلیہ جل بائیڈن کو بھی کورونا ویکسین لگائی گئی۔ اب تک نائب صدر مائیک پینس، ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی اور سینیٹ میں ری پبلکن اکثریتی رہنما مچ میکونل بھی کورونا ویکسین لگوا چکے ہیں۔
اگلے ماہ صدارت کا دور مکمل کر کے سبکدوش ہونے والے صدر ٹرمپ نے تاحال ویکسین لگوانے کا اعلان نہیں کیا ہے جب کہ انہیں دو ماہ قبل کورونا ہوگیا تھا اور وہ اسپتال میں زیر علاج بھی رہے تھے۔
واضح رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ 80 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے تاحال 3 لاکھ 19 ہزار افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔