چین کا تاریخی مشن چاند سے نمونے لے کر زمین پر واپس پہنچ گیا


چین کا چینگ 5 مشن چاند کی سطح کے نمونے لے کر کامیابی سے زمین پر واپس پہنچ گیا ہے۔

ایک ماہ سے بھی کم وقت میں چین کا یہ تاریخی خلائی مشن واپس آگیا اور چاند کی ٹانوں اور سطح کے نمونوں کے ساتھ اندرون منگولیا پر لینڈ ہوا۔

16 دسمبر کی شب یہ خلائی مشن زمین پر واپس پہنچا اور اب نمونوں پر تحقیق کی جائے گی۔

اس مشن کی کامیابی سے چین دنیا کا تیسرا ملک بن گیا ہے جو چاند کے نمونے زمین پر لانے میں کامیاب ہوا، اس سے قبل امریکا اور سوویت یونین ایسا کرچکے ہیں۔

چینگ 5 مشن لگ بھگ 5 دہائیوں بعد چاند سے نمونے زمین پر واپس لایا۔

چینگ 5 مشن 23 نومبر کو روانہ ہوا تھا اور یکم دسمبر کو اپنی منزل پر پہنچا۔

امریکا نے 1969 سے 1972 کے درمیان اپالو پروگرام کے تحت 12 خلاباز 6 پروازوں کے ذریعے چاند پر بھیجے جو وہاں سے 382 کلوگرام چٹانیں اور سطح کے نمونے لے واپس آئے۔

سوویت یونین نے 1970 کی دہائی میں 3 کامیاب روبوٹک مشن کے ذریعے نمونے حاصل کیے تھے۔

ابھی چینی ماہرین لینڈنگ کے مقام سے نمونوں کو اکٹھا کرنے میں مصروف ہیں۔

یہ چین کا تیسرا روبوٹک مشن تھا جو چاند کی سطح پر اترا ہے مگر اس بار مقصد مختلف تھا، یعنی چاند کی سطح سے نمونے دسمبر میں واپس زمین پر لانا۔


اپنا تبصرہ لکھیں