لاہور کے لیے متعدد میگا منصوبوں کا اعلان


usm

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی دارالحکومت لاہور کے لیے اربوں روپے مالیت کے متعدد میگا منصوبوں کا اعلان کردیا۔

لاہور میں ایک تقریب کے دوران شہر کی ترقی کے لیے میگا منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ ‘ٹریفک کی پریشانی دور کرنے کے لیے منصوبوں کا آغاز کر رہے ہیں جن میں پہلا شاہکان چوک ہے جس کی مالیت تقریباً ساڑھے 4 ارب روپے ہے اور اسے آگے رنگ روڈ سے منسلک کیا جائے گا’۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے وسط میں واقع کریم بلاک میں ٹریفک کا کافی دباؤ ہوتا ہے اس کے لیے بھی ایک اوورہیڈ بِرج کی تجویز رکھی گئی ہے جو تقریباً ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا، اس کے علاوہ گلاب دیوی ہسپتال کے سامنے بھی ٹریفک کے دباؤ کے حل کے لیے ایک ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شمالی و جنوبی لاہور کے درمیان اس وقت لوگوں کے لیے آمد و رفت کافی مشکل ہے اس سلسلے میں ریلوے اسٹیشن سے شیرانوالہ چوک تک ساڑھے 4 ارب روپے کی لاگت سے اس مسئلے کو حل کیا جائے گا، فردوس مارکیٹ ۔ لعل شہباز قلندر انڈرپاس کا آغاز ہوچکا ہے۔

عثمان بزدار نے صحت کے حوالے سے منصوبوں سے متعلق کہا کہ ‘لاہور کی آبادی بڑھتی جارہی ہے اور ہسپتالوں پر دباؤ بڑھتا جارہا ہے، موجودہ ہسپتالوں کو ہم پہلے ہی نئی مشینری اور آلات دے رہے ہیں، اب ہم فیروزپور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے ساتھ 124 کنال زمین پر 9 ارب کی لاگت سے ایک ہزار بستروں پر مشتمل نیا جدید ہسپتال بنانے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کے ہسپتال کو چلڈرن ہیلتھ یونیورسٹی بنا رہے ہیں جس پر 4 ارب روپے لاگت آئے گی، سروسز ہسپتال کے انفرااسٹرکچر میں بھی بہتری لائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ وزیر اعظم کے خواب کے مطابق لوگوں کو رہائش کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایل ڈی اے سٹی میں 8 ہزار کنال زمین پر ابتدائی طور پر 4 ہزار اپارٹمنٹس بنائے جائیں گے پھر اس سلسلے کو آگے بڑھایا جائے گا، اس منصوبے کے تحت غریب افراد 15 ہزار روپے ماہانہ اقساط ادا کریں گے اور 20 سال بعد گھر ان کے نام منتقل ہوجائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاہور کے اندر ریور راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی قائم کردی ہے جس کے تحت لاہور کے ساتھ ایک لاکھ 6 ہزار ایکڑ اراضی پر ایک متوازی شہر بنایا جائے گا جس میں صاف پانی فراہم کیا جائے گا، پانی ذخیرہ کرنے کے لیے 3 بیراجز بنائے جائیں گے جس سے زیر زمین پانی کی صورتحال بہت بہتر ہوجائے گی اور لوگوں کو رہائش کا ایک نیا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ والٹن سٹی کے منصوبے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے اور فزیبلیٹی بنائی جارہی ہے، چاہتے ہیں کہ لاہور میں نیا مالی ضلع قائم ہو جس کے لیے وفاقی صوبائی حکومتوں کی زمین استعمال کی جائے گی، اس حوالے سے بھی جلد اچھی خبریں سامنے آئیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں بین الاقوامی معیار کا کوئی بس ٹرمنل نہیں ہے، محکمہ ٹرانسپورٹ کے ساتھ مل کر ٹھوکر نیاز بیگ کے ساتھ 100 کنال اراضی پر 3 ارب روپے کی لاگت سے ایک بین الاقوامی معیار کا جدید بس ٹرمنل بھی قائم کیا جائے گا۔

عثمان بزدار نے کہا ہے کہ یہ منصوبے سالوں نہیں بلکہ مہینوں میں مکمل ہوں گے اور ہم دن رات ایک کرکے انہیں مکمل کریں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں