پاکستان، عالمی اداروں کے خلاف بھارت کی ‘پروپیگنڈا مہم’ کی مذمت


دفترخارجہ نے پاکستان اور بین الاقوامی اداروں کو بدنام کرنے کی بھارت کی وسیع پیمانے پر پروپیگنڈا مہم کو منظم حربہ قرار دیتے ہوئے مذمت کردی۔

ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ بھارت کے پاکستان کے خلاف جارحانہ عزائم کی پرزور مذمت کرتے ہیں، یورپی یونین کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 15 برس سے بھارت جعلی خبروں کے ذریعے پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں ملوث تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس نیٹ ورک کو سری واستو گروپ اور اے این آئی نیوز ایجنسی مل کر چلا رہے تھے، بہت سے فوت شدہ عالمی شخصیات کے ناموں کو بحارتی نیٹ ورک اپنے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کے لیے استعمال کر رہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے بھارت بہت سی جعلی این جی اوز کے نام بھی استعمال کر رہا تھا، بھارت ان شرپسندانہ حرکات کے باوجود پاکستان کے نام اور ساکھ کو متاثر کرنے میں ناکام رہا۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی غلط معلومات اور پروپیگنڈا مہم بھارت کے پاکستان کے خلاف مہم کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین میں بھارت کے پاکستان مخالف جعلی خبریں، جعلی میڈیا سائٹس اور پروپیگنڈا ایک انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے، ایک ریاست سائبر اسپیس، انٹرنیٹ اور میڈیا کو ایک ملک کے خلاف اپنی دشمنی کے فروغ کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ ہم اس معاملے کو تمام ممکنہ پلیٹ فارمز پر اٹھائیں گے، بھارت اس وقت عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے سامنے مکمل طور پر برہنہ ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اقلیتوں کے ساتھ مظالم کے ذریعے خطے کے امن و استحکام کی کوئی خدمت نہیں کر رہا، بھارت کے سکھوں کے ساتھ سلوک اور مسلم مخالف قانون سازی کو عالمی برادری دیکھ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر بھارت کی ساکھ صفر ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘اس طرح کی ساری کوششیں اس لیے ناکام ہوئی ہیں کیونکہ پاکستان پہلے ناقابل تردید ثبوت اور دستاویزات پیش کر چکا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے لیے بھارت منظم منصوبہ بندی، فنڈنگ اور دہشت گردوں کو ابھار رہا ہے’۔

زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ ‘رپورٹ عالمی برادری کے سامنے پاکستان کے مؤقف کی تائید کرتی ہے’ اور پاکستان کو سچا ثابت کر رہی ہے۔

انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ممالک کے خلاف پروپیگنڈا مہم کو ریاستی پالیسی کے طور پر ترک کردیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ‘حیرت کی کوئی بات نہیں ہے کہ دنیا کا سب سے بڑا بھارت کا جعلی خبروں کا نیٹ ورک بے نقاب ہوا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ’15 سالہ جعلی معلومات پر مبنی مہم کو عالمی سطح پر فیصلہ سازی میں پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے تیار کیا گیا’۔

خیال رہے کہ یورپی گروپ ڈس انفو لیب نے غلط معلومات پھیلانے والے ایسے بھارتی نیٹ ورک کو بے نقاب کیا تھا جو سال 2005 سے ایسے ممالک، جن کے دہلی کے ساتھ اختلافات ہوں بالخصوص پاکستان، کو بدنام کرنے کے لیے کام کررہا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں