مقناطیسی میدان میں عضلات کو صحتمند بنانے والا پروٹین


سنگاپور سٹی: 

مقناطیسی میدان میں انسانی پٹھوں اور عضلات (مسلز) کو درست اور صحتمند بنانے والا ایک مالیکیول (سالمہ) دریافت ہوا ہے۔نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور کے سائنسدانوں نے کی اس دریافت کے بعد امید ظاہر کی ہے کہ یہ مالیکیول کمزور اور بزرگ افراد کے پٹھوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ اسی طرح بیماری کے بعد ہونے والی کمزوری کو بھی کو اس سے دور کیا جاسکتا ہے۔

ماہرین یہ دیکھ رہے تھے کہ مقناطیسی میدان کے ہمارے جسم کے پٹھوں پر کیا اثرات ہوسکتے ہیں۔ پہلے انہوں نے پٹھوں (مسلز) کے خلیات (سیلز) پر ان کی آزمائش کی۔ اس میں انہوں نے ٹی آر پی سی ون نامی ایک پروٹین کا انتخاب کیا جو ہر جاندار میں پایا جاتا ہے۔ انہوں نے تجربہ گاہ میں جینیاتی انجینیئرنگ سے اس پروٹین کو نکال باہر کیا۔ پھر ان پر مقناطیسی میدان ڈالا گیا تو کسی پٹھے پر کوئی اثر نہ ہوا ۔

پھر دوبارہ اسی پروٹین کو پٹھوں کے خلیات میں رکھا گیا اور اس پر مقناطیسی  میدان ڈالا گیا۔ اب حیرت انگیز طور پر یہ ہوا کہ خلیات دوبارہ مقناطیسی میدان سے حساس ہوگئے۔ ان تجربات میں جو مقناطیسی میدان استعمال کیا گیا وہ زمین کے قدرتی مقناطیسی میدان سے 10 سے 15 گنا طاقتور تھا۔ اس عمل میں پٹھے اور عضلات مضبوط ہوتے دکھائی دیئے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ شاید مقناطیسی قوت اس پروٹین کے ساتھ عمل کرتی ہے۔

اس سے قبل کچھ سائنسدانوں نے نوٹ کیا ہے کہ مقناطیسی میدان کی خاص کیفیت انسانی کرکری ہڈی (کارٹلیج) کی افزائش کرسکتی ہے۔ اسی طرح مقناطیسی میدان سے جسم کی چربی گھلانے، انسولین کی حساسیت اور آنتوں کے خردنامیوں کو بہتر بنانے کا کام بھی لیا جاتا رہا ہے۔ اب معلوم ہوا ہے کہ ہمارے پٹھوں میں موجود ٹی آر پی سی ون مقناطیس میدان میں سرگرم ہوکر پٹھوں کی افزائش بھی کرتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں