کراچی:
بینک الفلاح کے چیئرمین شیخ نہیان مبارک النہیان نے دبئی میں پاکستانی تارکین وطن کیلیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس متعارف کرادیے۔
دبئی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ النہیان نے کہا کہ بعض اہم اقدامات کے باعث پاکستان کو ایک ابھرتی ہوئی مالیاتی خدمات کے حب کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کو ایک نفیس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے زیادہ مالی حیثیت رکھنے والے افراد کی ضروریات کو پورا کرنے کیلیے تیار کیا گیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کیلیے تیار کیے گئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی تیاری کے حوالے سے وژن اور مشن کے بارے میں کہاکہ ہمیں پاکستانی تارکین وطن کیلیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ لانے پر خوشی ہے۔ اس اکاؤنٹ کو کسی بھی جگہ سے ذاتی طور پر پیش ہوئے بغیر کھولا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بینکاری کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کے پاس اسٹاک مارکیٹ، رئیل اسٹیٹ اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری کا موقع ہوگا جو پاکستانی روپے اور امریکی ڈالر میں پرکشش منافع پیش کرتے ہیں۔
بینک الفلاح کے صدر اور سی ای او عاطف باجوہ نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن اپنے ملک کی معیشت کے ساتھ اپنی برادریوں کیلیے ترسیلات زر اور سرمایہ کاری کے ذریعے بے پناہ شراکت داری میں حصہ ڈال رہے ہیں۔