کورونا: سندھ ہائیکورٹ نے نیا سرکلر جاری کردیا


کراچی: سندھ ہائیکورٹ میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد نیا سرکلر جاری کردیا۔

سندھ ہائیکورٹ کے نئے سرکلر کےمطابق عدالتوں کے مرکزی دروازوں پرمامور سیکورٹی اہلکار ماسک لگائیں گے اور اہلکار ہینڈ سینیٹائزر استعمال کریں گے جب کہ ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے پر بھی پابندی ہوگی۔

سرکلر میں کہاگیا ہےکہ عدالتوں میں آنے والے تمام عملے اور سائلین کا ٹمپریچر چیک کیا جائے، بخاریا کورونا کی علامات پر متعلقہ شخص کو عدالتوں میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، کمرہ عدالت میں سینیٹائزر موجود ہونا چاہیے۔

سرکلر میں مزید کہا گیا ہےکہ کورٹ رومز کے دروازے اور کھڑکیاں کھلی رکھی جائیں اور کمرہ عدالتوں میں روزانہ جراثیم کش اسپرے کرایا جائے، صرف وہ وکلا کمرہ عدالت میں آئیں جن کے کیسز لگے ہوں اور ان سائلین کو بلوایا جائے جن کی حاضری ضروری ہو،  وکلا، سائلین صرف اس دن کورٹ آئیں جس دن ان کے کیسز کی سماعت ہو۔

سرکلر میں تمام بارز کے وکلا کو ماسک پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سرکلر کے مطابق اگر عدالتی عملےکے اہلخانہ میں بھی کورونا کی تشخیص ہو متعلقہ حکام کو فوری بتائیں، تمام برانچ انچارجز حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کرائیں، حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں