سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے دنیا کی 20 بڑی معیشتوں کے حامل ممالک کے گروپ ‘جی 20’ ممالک پر زور دیا ہے انہیں کورونا ویکسین کی کم قیمت اور منصفانہ رسائی کے لیے کام کرنا چاہیے۔
اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت ریاض میں جی 20 سربراہی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ سلمان نے کہا کہ ’اگرچہ ہم کورونا کی ویکسین، علاج اور اس کی تشخیص کے آلات کی تیاری سے متعلق پرامید ہیں، لیکن ہمیں تمام لوگوں کے لیے کم قیمت ویکسین اور اس کی منصفانہ رسائی کے لیے کام کرنا چاہیے’۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ سال غیر معمولی تھا کیونکہ کورونا کی وبا نے بڑا دھچکا پہنچایا اور پوری دنیا کو اقتصادی اور سماجی نقصانات سے دوچار کیا’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ہمارے عوام اور معیشتیں کورونا کے جھٹکے برداشت کر رہی ہیں، تاہم اس بحران سے عالمی تعاون کے ذریعے نکلنے کے لیے کوشاں ہیں’۔
سعودی فرمانروا نے کہا کہ ’مارچ میں ہونے والی سربراہی اجلاس میں ذرائع آمدنی کو وبا سے نمٹنے کے لیے مختص کرنے کا عہد کیا تھا اور 21 ارب ڈالر خرچ کیے گئے تھے جبکہ معیشتوں کو سہارا دینے کے لیے 11 ٹریلین ڈالر خرچ کرکے غیر معمولی اقدامات کیے تھے’۔
انہوں نے کہا کہ ’سربراہی اجلاس کے ذریعے ہمارا فرض ہے کہ کورونا کے چیلنج کا بھرپور طریقے سے مقابلہ کریں اور بحران سے نمٹنے کی پالیسیوں کے ذریعے اپنی اقوام کو مطمئن کریں’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم کورونا وائرس ویکسین کی حصول کے سلسلے میں پیشرفت سے پر امید ہیں لیکن ہمیں تمام اقوام تک کم لاگت پر کورونا ویکسین پہنچانے کے لیے کوشش کرنا ہوگی، جبکہ اپنی معیشت کی بحالی اور سرحدیں کھولنے کے لیے کام کرنا ہوگا تاکہ تجارت ہو اور لوگ سفر کر سکیں’۔
شاہ سلمان نے کہا کہ ’ہمیں ترقیاتی پیشرفت برقرار رکھنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کی مدد کرنا ہوگی، معاشرے میں خواتین اور نوجوانوں کی حصہ داری بڑھانا ہوگی اور انہیں روزگار کے بھی زیادہ مواقع دینا ہوں گے’۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں دو روزہ ‘جی 20’ ورچوئل سربراہی اجلاس ہفتہ سے شروع ہوا ہے جس کی صدارت شاہ سلمان بن عبدالعزیز کر رہے ہیں۔