بیجنگ:
چین کی ادویہ ساز کمپنی سینوفارم نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی تیار کردہ کورونا ویکسین ہنگامی بنیادوں پر 10 لاکھ افراد کو استعمال کرائی جاچکی ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سینوفارم کے چیئرمین لی یو جنگژین نے چینی سوشل میڈیا سائٹ وی چیٹ پر اپنی پوسٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ہماری ویکسین کو تاحال ایمرجنسی مقاصد کے تحت تجرباتی بنیادوں پر 10 لاکھ افراد پر استعمال کرایا جاچکا ہے۔
چیئرمین سینو فارم نے مزید لکھا کہ یہ ویکسین دنیا بھر میں 150 ممالک کے رضاکاروں میں تجرباتی بنیاد پر لگائی گئی جب کہ چین میں تعمیراتی ورکرز، سفارتکاروں اور طلبا کو استعمال کرائی گئی اور ان میں سے کسی کو بھی کورونا نہیں ہوا اور نہ مضر اثرات سامنے آئے۔
اس سے قبل اپنے ایک بیان میں سینوفارم کے چیئرمین لی یو جنگژین نے دعویٰ کیا تھا کہ ویکسین استعمال کرنے والے 56 ہزار افراد بیرون ملک بھی گئے اور ایئرپورٹس پر ان کے ٹیسٹ ہوئے جو سب کے سب منفی آئے، یہ ہماری بہت بڑی کامیابی ہے۔
چیئرمین سینو فارم نے مزید لکھا کہ دفاتر کے جن ملازمین کو ویکسین لگائی گئی تو جب اُن کے آفس میں کورونا وبا پھوٹی تو ان ملازمین کو کورونا نہیں ہوا۔ سینو فارم کی کورونا ویکسین کی آزمائش پاکستان سمیت 10 سے زائد ممالک میں آخری مراحلے میں داخل ہوچکا ہے۔
واضح رہے کہ چینی کمپنی سینوفارم کورونا کی دو ویکسینز کا تجربہ کرہی ہے لیکن اعداد وشمار اور کامیابی کا دعویٰ کس ویکسین کے لیے کیا جا رہا ہے اس حوالے سے خاموشی ہے اور شاید یہ رینڈم ٹرائل کی وجہ سے ہے۔