دنیا بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے اور اس کو دیکھتے ہوئے گوگل نے اپنی مقبول ترین میپس ایپ میں نئے فیچرز کا اضافہ کیا ہے۔
رواں سال ستمبر میں گوگل میں ایک نئی کووڈ لیئر کا اضافہ کیا گیا تھا تاکہ صارف کسی بھی علاقے میں اس بیماری کے کیسز کی تعداد کو زیادہ بہتر طریقے سے جان سکیں۔
صارفین اس فیچر کو ان ایبل کرنے کے بعد ایک کلر کوڈ نقشہ دیکھ سکیں گے جو ہر ایک لاکھ افراد آبادی میں کیسز کے اعدادوشمار ظاہر کرے گا۔
اسی طرح اس کلر کوڈڈ نقشے میں ایسے لیبلز بھی ہوں گے جو بتائیں گے کہ اس علاقے میں کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے یا کم ہورہی ہے۔
اب اس فیچر کو مزید بہتر کیا جارہا ہے جس میں مزید تفصیلات جیسے کسی علاقے میں تشخیص ہونے والے تمام کیسز، مقامی گائیڈلائنز اور ٹیسٹنگ سائٹس کا اضافہ کیا جارہا ہے۔
گوگل کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ میں لوگوں کے ہجوم کے حوالے سے لائیو اپ ڈیٹس بھی فراہم کی جائیں گی، تاکہ وبا کے دوران لوگ ہجوم میں جانے سے گریز کرسکیں۔
اس فیچر کے تحت صارفین کو بس، ٹرین اور ٹرانزٹ اسٹیشنز میں ہجوم کی تفصیلات مل سکیں گی اور اس کے لیے صارفین سے ہی مدد لی جائے گی جو رئیل ٹائم میں تفصیلات اس میں درج کریں گے۔
گوگل کے مطابق ایک اور فیچر فوڈ ڈیلیوری ٹریکنگ کا متعارف کرایا جارہا ہے، جس میں صارفین میپس ایپ کی مدد سے جان سکیں گے کہ کھانا کب تک پہنچے گا اور ڈیلیوری فیس کیا ہوگی۔
یہ فیچر فی الحال چند ممالک بشمول امریکا، برازیل اور بھارت میں متعارف کرایا جارہا ہے۔
کورونا وائرس کی وبا کے آغاز سے گوگل کی جانب سے میپس میں کئی فیچر پیش کیے گئے ہیں، جیسے ایک ٹول کی مدد سے لوگ آن لائن یوگا اور کھانے پکانے کی کلاسز کی ورچوئل اپائٹمنٹ بک کرسکتے ہیں۔
ایک اور اپ ڈیٹ سے دکانوں کے کھلنے کے اوقات سے لوگوں کو آگاہ کیا گیا۔