گوگل فوٹوز کی مفت اسٹوریج جلد ختم کرنے کا اعلان


گوگل فوٹوز کو استعمال کرنے والے صارفین کے لیے کمپنی کی جانب سے فراہم کی جانے والی بڑی سہولت ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

یکم جون 2021 سے گوگل فوٹوز کی جانب سے فوٹوز کے لیے مفت اکاؤنٹس کی اسٹوریج پالیسی کو تبدیل کیا جارہا ہے جو کہ صارفین کو بالکل پسند نہیں آئے گی۔

اب تک گوگل فوٹوز پر اپ لوڈ ہونے والا ڈیٹا کا اسٹوریج مفت ہے مگر اگلے سال سے صارفین کو زیادہ ڈیٹا کے لیے گوگل ون کو سبسکرائب کرنا پڑے گا۔

ابھی گوگل اکاؤنٹ کے ساتھ 15 جی بی آن لائن اسٹوریج جی میل، ڈرائیو وغیرہ کے لیے فراہم کی جاتی ہے، جس میں ای میلز اور فائلز اسٹور ہوتی ہیں۔

مگر یکم جون 2021 سے ڈاکس، شیٹس، سلائیڈز کے ساتھ ساتھ گوگل فوٹوز پر اپ لوڈ ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز بھی اسی اسٹوریج کا حصہ بن جائیں گی۔

اور یہ صارفین کے لیے واقعی بہت بڑا دھچکا ہے کیونکہ ابھی گوگل فوٹوز میں لامحدود تصاویر اور ویڈیوز کو مفت اسٹور کیا جاسکتا ہے (تصاویر 16 میگا پکسل اور ویڈیوز ایچ ڈی ہونی چاہیے)۔

مگر اگلے سال سے ہر نئی تصویر یا ویڈیو مفت 15 جی بی اسٹوریج میں جگہ گھیرے گی۔

یہ کہنے کی ضرورت نہیں آج کل لوگ جتنی زیادہ ویڈیوز اور تصاویر کھینچتے ہیں، ان کو دیکھتے ہوئے یہ مفت اسٹوریج کچھ زیادہ وقت تک چل نہیں سکے گی۔

گوگل کے مطابق اس کے 8 فیصد صارفین کو 15 جی بی اسٹوریج کو بھرنے میں کم از کم 3 سال لگ سکتے ہیں، مگر 20 فیصد ایسے ہیں جو بہت کم وقت میں اسے بھر سکتے ہیں۔

اچھی خبر یہ ہے کہ یکم جون 2021 سے پہلے گوگل فوٹوز پر اپ لوڈ ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز 15 جی بی اسٹوریج میں شمار نہیں ہوں گی۔

گوگل کی جانب سے یہ بھی اعلان کیا گیا ہے کہ اگر کوئی صارف جی میل، ڈرائیو یا فوٹو کے اکاؤنٹ کو 2 سال سے استعمال نہیں کررہا، تو کمپنی کی جانب سے وہاں موجود مواد کو ڈیلیٹ کیا جاسکتتا ہے۔

گوگل کے مطابقق اس مفت سروس کو ختم کرنے کا مقصد ہر ایک کو اسٹوریج کا بہترین تجربہ فراہم کرنے کے ساتھ بڑھتی طلب کو پورا کرنا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں