وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ فوج اور اداروں کے پاس ن لیگ کی سیاست پر لکیر کِھنچ چکی ہے، نواز شریف کے بیانیے کی قیمت ن لیگ کو ادا کرنا پڑے گی۔
جیو نیوز سے گفتگو میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھاکہ پہلے کہتے ہیں فوج سیاست میں مداخلت نہ کرے، پھر اسی فوج سے کہتے ہیں کہ حکومت کو ہٹاؤ ہمیں کرسی پر بٹھاؤ۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بیانیے کی قیمت انہیں ادا کرنا پڑے گی اور ان کی پارٹی کے اندر سے بھی آواز اٹھے گی۔
ان کا کہنا تھاکہ مریم نوز نے اپنے بیانیے پر ‘پول والٹ’ (جس میں کھلاڑی بھاگ کر ڈنڈے کی مدد سے چھلانگ لگاتے ہیں)کی جمپ لگائی ہے ، متعدد بار جنرلز کے براہ راست نام لینے کے بعد اب مذاکرات کی بات کرنا منہ کے بل گرنے کے برابر ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہےکہ بنیادی طور پر مریم نواز یہی کہہ رہی ہیں کہ کیسوں میں اُن کی جان چھوڑیں۔
ان کا کہناہےکہ پہلے تو یہ لوگ کہہ رہے تھے کہ اب بات نہیں ہوگی، یہ کردار ختم ہونے چاہئیں، اب کہہ رہے ہیں بات کرنے کو تیار ہیں۔
فوج سے بات ہوسکتی ہے مگر پہلےحکومت کوگھر جانا ہوگا: مریم نواز
خیال رہے کہ نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا ہےکہ فوج سے بات ہوسکتی ہے اور ہم ضرور بات کریں گے مگر آگے بڑھنے کے لیے حکومت کو گھر جانا ہوگا۔
مریم نواز کا کہنا تھاکہ سٹیبلشمنٹ نے میرے ارد گرد موجود بہت سے لوگوں سے رابطے کیے ہیں مگر میرے ساتھ براہِ راست کسی نے رابطہ نہیں کیا، فوج میرا ادارہ ہے، ہم ضرور بات کریں گے لیکن آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اور وہ بات اب عوام کے سامنے ہو گی، چھپ چھپا کر نہیں ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ادارے کی مخالف نہیں ہوں مگر سمجھتی ہوں کہ اگر ہم نے آگے بڑھنا ہے تو اس حکومت کو گھر جانا ہو گا۔