وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ سے متلعق انکوائری رپورٹ پر بلاول بھٹو کا اتفاق اور نواز شریف کا اختلاف پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے نفاق کا ثبوت ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اب پی ڈی ایم کو دوسرے کے بعد ایک تیسرے میثاق کی بھی ضرورت پڑے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جس تحریک کی نہ کوئی سمت ہو اور نہ ایک نظریہ اس کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔
دوسری جانب گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے افواج پاکستان کے خود احتسابی کے نظام کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر بات میں کیڑے نکالنا سیاسی مخالفین کی عادت بن چکی ہے۔
چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ حکومتی مخالفین کو سیاسی اور ذاتی نہیں قومی مفادات کو ترجیح دینی چاہیے، 22 کروڑ پاکستانیوں کو افواج پاکستان پر فخر ہے۔